پاکستان نظریاتی پارٹی کا اعلان، شہیرحیدر سیالوی چیئرمین ہونگے
اسلام آباد(خبر نگار)سابق طلبا رہنما شہیر حیدرملک سیالوی نے نوجوانوں کی نمائندہ سیاسی جماعت پاکستان نظریاتی پارٹی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ آزاد اور خود مختار پاکستان کا نعرہ لیکر میدان سیاست میں آئے ہیں۔ پاکستان نظریاتی پارٹی بانیان پاکستان کے نظریے کے مطابق پاکستان کو حقیقی اور فلاحی ریاست بنائے گی، امیر غریب کی تفریق کو ختم کرنا ہمارا یک نقاطی ایجنڈا ہے، یکساں نصاب تعلیم کے ساتھ سرکاری افسران کے بچے سرکاری اسکولوں میں پڑھیں گے تو طبقاتی نظام کا خاتمہ ہوگا، میٹرک تک تعلیم مفت اور لازمی قرار دیں گے، سی ایس ایس سمیت تمام امتحانات اور تعلیم قومی زبان اردو میں ہوگی البتہ پانچ بڑی زبانوں انگریزی، چائنیز،عربی،جرمن اور فرانسسی میں سے کوئی ایک زبان سیکھنا لازمی ہوگا۔ انتخابات میں کارکردگی اور تعلیم کی بنیاد پر نوجوانوں کو ترجیح بنیادوں پر ٹکٹ جاری کئے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں ایک پرہجوم پریس کانفرنس کے دوران کیا۔