کینال ویو سوسائٹی کا اجلاس عام، ایجنڈا کثرت رائے سے منظور

لاہور ( خصوصی رپورٹر) کینال ویو کوآپریٹو ہائوسنگ سوسائٹی لاہور کا سالانہ اجلاس عام سوسائٹی آفس سے ملحقہ پارک میں منعقد ہوا جس میں ممبران کی بھاری تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر صدر سوسائٹی کیپٹن (ر) محمد اکرم نے خطاب کرتے ہوئے ممبران کو یقین دلایا کہ موجودہ انتظامیہ تندہی اور ایمانداری سے سوسائٹی کی بہتری اور ڈویلپمنٹ کیلئے کمر بستہ رہے گی۔ گزشتہ 9ماہ میں سوسائٹی نہ صرف مالیاتی بحران سے نکل آئی ہے بلکہ بہت سے ترقیاتی کام بھی شروع کروا دیئے ہیں۔ سکیورٹی مسائل میں خاطر خواہ توجہ سے بہت بہتری آئی ہے تاہم مکمل سکیورٹی پلان کے نفاذ کے بعد جلد ہی تمام گیٹس اور راستوں پر مکمل کنٹرول حاصل کیا جائے گا اور غیر ضرویر داخلہ پر مکمل پابندی عائد کی جائے گی۔ انہوں نے ممبران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کے مالی اور معاشرتی تعاون کے بغیر یہ کامیابی ممکن نہ تھی۔ سیکرٹری نور العظیم نے ایجنڈا کی تمام تفصیلات ممبران کے سامنے رکھیں اور بھاری اکثریت نے تمام نکات پر بھر پور اکثریت سے منظوری دی۔ یاد رہے کہ یہ اے جی ایم 2016ء کے بعد منعقد ہوئی ہے گزشتہ چھ سال کے مالیاتی حسابات بھی ممبران کے سامنے پیش کیے گئے جو کہ موجودہ انتظامیہ نے مارچ 2021ء میں منتخب ہونے کے بعد تیار کروائے ہیں۔ اس موقع پر سوسائٹی کی منیجنگ کمیٹی کے ارکان کے علاوہ اسسٹنٹ رجسٹرار ثمر عباس اورمیاں عمران بھی موجود تھے۔