انٹر بینک : ڈالر کی قدر میں 25 پیسے کا اضافہ،روپیہ کمزور
لاہور (کامرس رپورٹر ) گزشتہ روز انٹر بینک میں ڈالر کی قدر میں 25 پیسے کا اضافہ ہوا جس سے انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر 176.49روپے رہی جبکہ اوپن مارکیٹ میں روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قیمت فروخت 70پیسے کے اضافے سے 180روپے ہو گئی۔ملک بھر میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی بڑھوتری کا تسلسل جاری ہے ۔سٹیٹ بینک کے مطابق رواں ہفتے کے پہلے کاروباری روز کے دوران انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قیمت میں مسلسل تیزی دیکھنے کو ملی ، امریکی کرنسی کی قدر میں مزید 25 پیسے کا اضافہ دیکھا گیا اور قیمت 176 روپے 24 پیسے سے بڑھ کر 176 روپے 49 پیسے ہو گئی ہے پاونڈ سٹرلنگ کی قیمت میں کوئی ردوبدل نہیں ہوااور اس کی قیمت فروخت 242.50روپے رہی اسی طرح یورو کی قیمت فروخت میں بھی کوئی ردوبدل نہیں ہوا اور اس کی قیمت فروخت 201.45 روپے رہی۔ماہرین کے مطابق گزشتہ کچھ روز سے درآمدی بل کی ادائیگی سے الر دبائو کا شکار ہے۔ تاہم پاکستان کے حوصلہ افزا معاشی اعداد وشمار کو دیکھتے ہوئے بظاہر ایسی کوئی وجہ نظر نہیں آتی جس سے ڈالر کی قیمت میں مزید اضافہ ہو۔ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل ظفر پراچہ کے مطابق اگر پاکستان کو آئی ایم ایف سے 28 جنوری کو ہونے والے جائزہ اجلاس میں ایک ارب ڈالر کی اگلی قسط مل جاتی ہے تو اگلے ایک ماہ میں ڈالر کی قیمت 2 روپے تک کم ہونے کی توقع ہے۔