آٹے پر 70سے80ارب روپے کی سبسڈی دی :اسلم اقبال
لاہور (کامرس رپورٹر )صوبائی وزیرصنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ عوام کو سستے آٹے کی فراہمی پر ہر سال 70سے80ارب روپے کی سبسڈی دی جارہی ہے اور پنجاب میں دیگر صوبوں کی نسبت آٹا سستا مل رہا ہے، چینی کی بھی مقررہ نرخوں پر دستیابی یقینی بنادی گئی ہے۔وہ گزشتہ روز جناز گاہ سبزہ زار کے دورہ کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ایک سوال کے جواب میں میاں اسلم اقبال نے کہا کہ محکمہ صنعت و تجارت 75فی صدترقیاتی فنڈ استعمال کر چکا ہے اور فنڈ کا 100فی صد استعمال یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ صحت کارڈ کا اجراء حکومت کا ایسا انقلابی اقدام ہے جس سے کمزور طبقات کو جدید طبی سہولیات مفت مل رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ لاہور کی خوبصورتی کے حوالے سے روڑ میپ بنا لیا گیا ہے اور ترقیاتی اداروں کو ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں۔ موڑ سمن آباد اور گلشن راوی کے قریب بند روڑ پر انڈرپاسز بنیں گے۔ لاہور کے داخلی اور خارجی راستوں کو بہتر بنایا جارہا ہے۔ اڑھائی کروڑ روپے کی لاگت سے سبزہ زار کی جناز گاہ کو بہتر بنایا جائے گا جبکہ سبزہ زار اور اس کی ملحقہ آبادیوں کیلئے 24کنال رقبے پر نیا قبرستان بنے گا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے دونوں سکیموں کی منظوری دے دی ہے۔