انتخابی فہرستوں، حلقہ بندیوں کا کام بغیر کسی بیرونی دبائو کیا جائے: صوبائی الیکشن کمشنر
لاہور (اپنے نامہ نگار سے) صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب غلام اسرار خان نے انتخابی فہرستوں اور حلقہ بندیوں کے کام کا جائزہ لینے کیلئے دفتر ریجنل الیکشن کمشنر گوجرانوالہ کا دورہ کیا اور تمام ضلعی الیکشن کمشنرز کے ساتھ ملاقات کی۔ ملاقات میں ریجنل الیکشن کمشنر گوجرانوالہ، ضلعی الیکشن کمشنر گجرات، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، سیالکوٹ، نارووال اور گوجرانوالہ نے شرکت کی۔ صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب نے چیف الیکشن کمشنرکی خصوصی ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ انتخابی فہرستوں کی نظر ثانی اور حلقہ بندیوں کا کام انجام دیتے ہوئے کسی بھی قسم کے بیرونی دباؤ یا مداخلت کو برداشت نہ کیا جائے اور اس حوالے سے انتہائی رازداری اور احتیاط سے کام لیا جائے۔ صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب نے افسران کومزید آگاہ کیا کہ انتخابی فہرستوں کی نظر ثانی اور حلقہ بندیوں کے کام کا جائزہ لینے کیلئے چیف الیکشن کمشنر، مختلف اضلاع کا اچانک دورہ بھی کریں گے۔ صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب نے انتخابی فہرستوں اور حلقہ بندیوں کے کام کو شیڈول کے مطابق کرنے کی ہدایات دیں۔ حلقہ بندی کمیٹیوں کے افسران کو ہدایات دیتے ہوئے صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب نے حلقہ بندی کمیٹیوں کے افسروں سے کہا کہ حلقہ بندی کی حساس ذمہ داری کو انتہائی احتیاط اور تندہی سے سرانجام دیں جس میں عوام کی سہولت کو مد نظر رکھا جائے۔ علاوہ ازیں الیکشن کمشن نے ووٹ کی اہمیت اجاگر کرنے کیلئے آگاہی مہم کا آغاز کر دیا۔ اس سلسلے میں گوجرانوالہ میں پریمئیر لاء کالج اور یونیورسٹی کالج میں آگاہی پروگرامز کا انعقاد کیا گیا۔ ووٹر آگاہی پروگرامز میں الیکشن کمشن کی طرف سے ڈائیریکٹر میڈیا کو آرڈینیشن قراۃالعین فاطمہ، ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر گوجرانوالہ محمد ندیم اور دیگر نے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمشن کی اس مہم کا مقصد پاکستان کے نوجوانوں کو انتخابی عمل، ووٹر رجسٹریشن اور ووٹ ڈالنے کی اہمیت کے حوالے سے آگاہ کرنا ہے۔ علاوہ ازیں انتخابی عمل میں خواتین، خواجہ سرائ، معذور افراد اور اقلیتوں کو بھی شامل کرنا الیکشن کمشن کی آئینی ذمہ داری ہے۔