چولستان ڈیزرٹ ریلی کے انتظامات مکمل کئے جائیں: عرفان کاٹھیا
بہاول پور(بیورورپورٹ)ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ17ویں چولستان ڈیزرٹ ریلی 2022ء کے تمام انتظامات شاندار انداز میں مکمل کئے جائیں۔ وہ 17ویں چولستان ڈیزرٹ ریلی کے انتظامات کے حوالہ سے قائم کی گئیں کمیٹیوں کے کنونئیر اور متعلقہ افسران کے اجلاس میں انتظامات کاجائزہ لے رہے تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ چولستان ڈیزرٹ ریلی سے خطہ کی ثقافت اور سیاحت کو فروغ حاصل ہو گا اور علاقہ کے لوگوں کو شاندار ڈیزرٹ ریلی دیکھنے کا موقع ملے گا۔ ان ایام میں شہر کی سرکاری عمارتوں پر چراغاں کی جائے۔ اندرون فرید گیٹ فوڈ سٹرئٹ قائم کی جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے ڈیزرٹ ریلی کے موقع پر سٹاک اور پریپئرڈ کیٹگری کی ریس، ڈرٹ بائیک شو،میراتھن، موٹر بائیک ریس،کیمل شو کے حوالہ سے انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل عامرنذیر کھچی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹر فاروق قمر، اسسٹنٹ کمشنربہاول پور سٹی نعیم صادق چیمہ، سی ڈی اے کے آفیسر امتیاز لاشاری، سی او ضلع کونسل اظہر جاوید، سی سی او کارپوریشن نصراللہ ملک، پروگرام آفیسر آرٹس کونسل ملک ذکاء اللہ، اکاؤنٹس آفیسر آرٹس کونسل سہیل کامران میتلا سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران موجود تھے