کاشتکار گندم کی فصل کا باقاعدگی سے معائنہ کریں: ثاقب عطیل

ملتان( خبر نگار خصوصی )سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل کی زیر صدارت ایگریکلچر سیکرٹریٹ کے کمیٹی روم میں گندم کی فصل پر کنگی کے ممکنہ حملہ کی صورت حا ل کاجائزہ لینے کیلئے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اس موقع پر سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل نے کہا کہ گندم ہمارے ملک کی ایک اہم غذائی فصل ہے۔ حالیہ بارشوں، کم درجہ حرارت اور ابرآلود موسم کے باعث کنگی کا حملہ ہو سکتا ہے۔ کنگی کے حملہ کی صورت میں، اس بیماری کی قسم، حملہ کی نوعیت، شدت، متاثرہ پودوں کی تعداد اورعلاقہ کا بھی مکمل ریکارڈ رکھا جائے۔ سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب نے مزید کہا کہ گندم کی فصل پرکنگی کے ابتدائی حملہ کی صورت میں متاثرہ پودوں کو اکھاڑ کرجلا دیں یا پلاسٹک کے تھیلوں میں بند کرکے زمین میں مکمل طور پر دبا دیں۔ اگر حملہ زیادہ رقبہ پر ہو تو زرعی ماہرین کے مشورے سے صرف متاثرہ حصہ پر مناسب پھپھوند کش زہر کا سپرے کریں۔ انہوں نے کہا کہ کاشتکار اپنی گندم کی فصل کا باقاعدگی سے معائنہ کریں۔