مسلم دنیا مادر پدر آزاد نہیں، قرآن و سنت کی پابند ہے:لیاقت بلوچ
لاہور(خصوصی نامہ نگار )نائب امیر جماعت اسلامی، سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے خوشاب، جوہر آباد میں عوامی اجتماعات، سابق ایم پی اے ڈاکٹر محمد رفیق کے تعزیتی ریفرنس، پریس کلب اور ڈسٹرکٹ بار کے عیدیداران کے اعزاز میں ظہرانہ سے خطاب کیا اور منصورہ میں مرکزی تربیت گاہ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلم دنیا کیلئے جمہوریت، پارلیمنٹ طرزِ حکمرانی امریکہ و مغربی دنیا کی طرح مادر پدر آزاد نہیں، قرآن و سنت کی بالادستی کی پابند ہے۔ اسلامی اور خوشحال پاکستان کیلئے قراردادِ مقاصد، آئین کے رہنما اصول اور اسلامی نظریاتی کونسل کی سفارشات مضبوط بنیادیں ہیں۔ ریاستی، انتظامی، جمہوری، پارلیمانی امور میں سول ملٹری سٹیبلشمنٹ کا داخل ہونا فوج، سول اداروں اور قومی سلامتی کیلئے سخت تباہ کن ہے۔ صدارتی نظام کا تجربہ ایوب خان، یحییٰ خان، ضیا الحق اور پرویز مشرف کے طاقتور بااختیار صدر ہونا ملک و ملت کیلئے تباہ کن ثابت ہوئے۔ موجودہ پارلیمنٹ پارلیمانی نظام کی جگہ صدارتی نظام نہیں لاسکتی۔ 1973ء کے دستور میں پارلیمانی نظام پر اتفاق ہوچکا۔ صدارتی نظام کی آڑ میں عمران خان سرکار ملک کو آئین سے ماورا اقدامات کے حوالہ کرنا چاہتی ہے۔