ویمنز ورلڈ کپ کیلئے پندرہ رکنی قومی سکواڈ کا اعلان،بسمہ معروف قیادت کریں گی
لاہور ( سپورٹس رپورٹر) قومی خواتین کرکٹ کی سلیکشن کمیٹی نے آئی سی سی ویمنز ورلڈکپ 2022 کیلئے پندرہ رکنی پاکستان ویمنز سکواڈ کا اعلان کردیا ہے۔ سلیکشن کمیٹی میں سابق کرکٹرز سلیم جعفر اور توفیق عمر شامل ہیں جبکہ اسماویہ اقبال چیئر آف ویمنز نیشنل سلیکشن کمیٹی ہیں۔چار مارچ سے تین اپریل تک نیوزی لینڈ میں جاری رہنے والے ایونٹ میں قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی قیادت بسمہ معروف کریں گی۔ قومی خواتین کرکٹ ٹیم کے اعلان کرد ہ سکواڈ میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں ۔ لیگ سپنر غلام فاطمہ اور تجربہ کار بیٹر ناہیدہ خان کی سکواڈ میں واپسی ہوئی ہے۔ انہیں سعدیہ اقبال اور کائنات امتیاز کی جگہ اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔باقی دوکرکٹرز طوبہٰ حسن اور وکٹ کیپر نجیہ علوی بھی ٹریولنگ ریزرو کی حیثیت سے سکواڈ کے ہمراہ سفر کرینگی۔سکواڈ میں بسمہ معروف (کپتان)، ندا ڈار (نائب کپتان)، ایمن انور، عالیہ ریاض، انعم امین، ڈیانا بیگ، فاطمہ ثناء ، غلام فاطمہ، جویریہ خان، منیبہ علی، ناہیدہ خان، نشرہ سندھو، عمیمہ سہیل، سدرہ امین اور سدرہ نواز(وکٹ کیپر) جبکہ ٹریولنگ ریزرو میں ارم جاوید، نجیہ علوی (وکٹ کیپر) اور طوبہٰ حسن اورسپورٹ سٹاف میں عائشہ جلیل (ٹیم منیجر)، ڈیوڈ ہیمپ (ہیڈ کوچ)، ارشد خان (اسسٹنٹ کوچ)، کامران حسین (اسسٹنٹ کوچ)، صبور احمد (اسٹرینتھ اینڈ کنڈیشنگ کوچ)، زبیر احمد (ویڈیو اینالسٹ)، احسن افتخار ناگی (میڈیا اینڈ ڈیجیٹل کنٹنٹ مینیجر) اور رفعت گل (فزیو تھراپسٹ) شامل ہیں ۔چیئر آف ویمنز نیشنل سلیکشن کمیٹی اسماویہ اقبال نے کہا کہ وہ آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کے سکواڈ کا حصہ بننے والی تمام کھلاڑیوں کو مبارکباد پیش کرتی ہیں۔انہوں نے کھلاڑیوں کی حالیہ فارم اور ٹیم کے توازن سمیت نیوزی لینڈ کی کنڈیشنز کو پیش نظر رکھتے ہوئے ورلڈکپ کیلئے قومی خواتین سکواڈ کا اعلان کیا ہے۔قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتان بسمہ معروف نے کہا کہ اپنے ملک کی قیادت کرنا ان کیلئے بڑا اعزاز ہے۔ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں پہنچنا ان کا ہدف ہے ۔ویمنز ورلڈکپ 2022 میں پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ چھ مارچ کو کھیلا جائیگا ۔ 8 مارچ کو پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان میچ بمقام بے اوول، ترنگا میں کھیلا جائیگا۔