پلیئر آف دی ایئر بننے پر بابر اعظم خوش،کھلاڑیوں کی مبارکباد
لاہور( سپورٹس رپورٹر) آئی سی سی ون ڈے پلیئر آف دی ایئر بننے پر قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے خوشی کااظہار کیا ۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے بابر اعظم کو آئی سی سی ایوارڈ جیتنے پر مبارکباد دی گئی ۔بابر اعظم کی جانب سے بھی آئی سی سی پلیئر آف دی ایئر منتخب ہونے پر فینز کا شکریہ ادا کیا گیا ہے۔قومی بیٹر نے کہا کہ خوش قسمت ہوں کہ اتنی اچھی ٹیم میرے ساتھ موجود ہے، آئی سی سی اور پی سی بی کا بھی شکر گزار ہوں۔پاکستانی ٹیم کے کھلاڑیوں نے بابر اعظم کے آئی سی سی مینز ون ڈے کرکٹر آف دی ایئرمنتخب ہونے پر مبارکباد دی ۔محمد رضوان نے کہاکپتان پاکستان کا چہرہ اسی طرح روشن کرتے رہیں۔فاسٹ بولر حسن علی نے لکھا کہ ’مبارک ہو کِنگ۔نوجوان فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے کپتان کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ کپتان آپ اس کے حقیقی طور پر حقدار تھے۔سابق کرکٹر عمر گل نے کہا کہ ٹی ٹونٹی میں محمد رضوان اور ون ڈے میں بابر اعظم کا کرکٹر آف دی ایئر بننا نوجوانوں کو بہت کچھ سِکھا سکتا ہے۔سابق کرکٹر محمد حفیظ نے بھی بابر اعظم، محمد رضوان، فاطمہ ثنا کو کامیابی پر مبارکباد دی۔بابر اعظم کے کرکٹر آف دی ایئر بننے پر شائقین کرکٹ نے مختلف تبصروں اور میمز کے ساتھ مبارکباد دی ۔سوشل میڈیا پر بابر اعظم ٹاپ ٹرینڈز میں شامل ہوگئے ،کوئی کہہ رہا تھا کہ ہم کرکٹ کے عہدِ بابر میں جی رہے ہیں تو کوئی کہہ رہا تھا کہ بابر اعظم رنز مشین کے ساتھ ایوارڈ مشین بھی بنتے جارہے ہیں۔صارفین نے بابر اعظم کو کرکٹ کا نیا بادشاہ قرار دیا ۔