وسائل کا رخ جنوبی پنجاب کی طرف موڑ دیا: عمران خان

ڈیرہ غازیخان (بیورورپورٹ)ہماری حکومت جنوبی پنجاب میں زراعت کی ترقی کے لئے دن رات کوشاں ہے کیونکہ زراعت مضبوط ہوگی تو معیشت از خود ترقی کی طرف گامزن ہو جائے گی ان خیالات کا اظہار وزیراعظم پاکستان عمران خان نے نامور صنعت کار خواجہ جلال الدین رومی سے خصوصی ملاقات میں کیا، وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ہم نے اپنے وسائل کا رخ جنوبی پنجاب کی طرف موڑ دیا ہے تاکہ ترقی کا پہیہ تیزی سے چلے۔اس موقعہ پر خواجہ جلال الدین رومی نے وزیر اعظم پاکستان عمران خان کو بتایا کہ حکومت کی بہترین پالیسی کی وجہ سے اس سال ریکارڈز ایکسپورٹ ہوئی ہے، جس کی بنیادی وجہ سٹیٹ بینک آف پاکستان کا شرح سود میں کمی اور حکومت کی طرف سے بجلی کے نرخوں میں کمی ہے، یہی وجہ ہے کہ دن بدن حکومت کے زرمبادلہ میں اضافہ ہو رہاہے اسی پالیسی کی بدولت اس وقت زرمبادلہ کے ذخائر 13ارب ڈالر سے بڑھ چکے ہیں، خواجہ جلال الدین رومی نے مزیدکہا کہ ہماری خواہش ہے کہ ملک کا کاروباری طبقہ وزیراعظم عمران خان کی ہاوسنگ سیکم میں بھر پور طریقے سے حصہ لے تاکہ کرونا کی وجہ سے معیشت جس جمود کا شکار ہے وہ ختم ہو سکے خواجہ جلال الدین رومی کی گفتگو کے جواب میں وزیراعظم عمران خان نے کہا جون 2020 میں کرونا کی وجہ پاکستان کی ایکسپورٹ کم ہو کے رہ گئی تھی لیکن حکومت کی بہترین حکمت عملی کی وجہ ٹیکسٹائل مصنوعات کی پوری دنیا میں مانگ بڑھ رہی ہے جس وجہ سے اس سیکٹر میں چوبیس گھنٹے کام ہو رہا ہے۔خواجہ جلال الدین رومی نے کہا کہ وزیر اعظم کے زرعی ویثرن کے مطابق کراپ زوننگ کا آغاز کرنا وقت کی آواز ہے کہ اس وقت کپاس کی کاشت سب سے زیادہ متاثر ہو رہی ہے، ہمیں کپاس پیداوار بڑھانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنے کی ضرورتہے جس پر وزیراعظم عمران خان نے کہا اس وقت ہماری پوری توجہ زراعت کے ذریعے معیشت کی بحالی پر ہے،اگر زراعت بہتر ہو گی تو ہماری معیشت بھی ترقی کرے گی۔ہماری حکومت کپاس کی پیداوار بڑھانے کے لیے نئے سیڈز کے علاوہ دیگر شعبوں پر بھی عملی طور پر کام کر رہی ہے جس کی واضح مثال بجلی کے نرخوں میں رعایت کے ساتھ دیگر سہولیات کی فراہمی ہے۔ خواجہ جلال الدین رومی نے کہا کہ ہم گزشتہ چار عشروں سے سے جنوبی پنجاب کے مختلف ہسپتالوں ادویات کی فراہمی کے ساتھ بلوچستان، سندھ اور جنوبی پنجاب کے مختلف علاقوں میں صاف پانی کی فراہمی کے لئے متعدد منصوبوں پر کام کر رہے ہیں ،اس کے ساتھ ہم تعلیم کے فروغ کے لیے جنوبی پنجاب کے پسماندہ علاقوں میں ہمہ وقت مصروف عمل ہیں جہاں پر قابل اور ذہین بچوں کو تعلیم کی سہولیات کے ساتھ سکالر شپ بھی دے رہے ہیں ۔ وزیراعظم عمران خان نے خواجہ جلال الدین رومی کی سماجی خدمات کو سراہا اور کہا کہ میں نے بھی ورلڈ کپ جیتنے کے بعد پہلے ہسپتال اور تعلیم ادارہ بنایا کہ مجھے علم تھا کہ ہم اپنے معاشرے سے جہالت اور غربت کا خاتمہ تعلیمی کمی کو ختم کر کے ہی کر سکتے ہیں۔خواجہ جلال الدین رومی نے وزیراعظم عمران خان کو بتایا کہ ہم نے کرونا کے دوران حکومت کے ساتھ اور مقامی سطح پر مل کر جو کام کیا، اس سے ایک طرف لوگوں کی تکالیف میں کمی آئی تو دوسری جانب کرونا کے متعلق حکومتی حکمت عملی کو بھی تقویت ملی، خواجہ جلال الدین رومی کی اس بات پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کرونا کے دنوں میں آپ کا جذبہ خدمت قابل تقلید رہا کہ اس سے ہمیں مستحق لوگوں کی اشک شوئی کاموقعہ ملا، خواجہ جلال الدین رومی نے کہا اس وقت صنعت کار اور کاشت کار اپنے مسائل کے فوری حل کے لیے آپکی طرف دیکھ رہے ہیں تاکہ جلد از جلد کرونا کے اثرات سے باہر آسکیں ،اس پر وزیراعظم عمران خان نے کہا ہم صنعت کاروں ، کاشت کاروں کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں ، اور آنے والے چند حکومتی سطح پر ایسے اقدامات کئے جا رہے ہیں جس سے انھیں اس بات کا احساس ہو گا کہ حکومت ان کے مسائل کو حل کرنے کے لیے کتنی سنجیدہ ہے۔وزیراعظم عمران خان نے اس ملاقات میں خواجہ جلال الدین رومی کے جذبہ خدمت خلق کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس وقت ملک کو آپ جیسے روشن خیال اور سماج دوست افراد کی اشد ضرورت ہے جو معاشرے کے مسائل سے آگاہ ہوں اور حکومت کے ساتھ مل کر کام کر سکیں۔