وزیر اعظم کیخلاف عدم اعتماد تحریک لانے پر مشاورت ہو رہی ہے،یوسف رضا
شجاع آباد، سکندرآباد(نامہ نگارخبرنگار، نمائندہ نوائے وقت) سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم میں شامل تمام جماعتیں متحد ہیں بلاول بھٹو زرداری نے وزیر اعظم عمران خان کے خلاف عدم اعتماد تحریک لانے کا فیصلہ کیا ہے جس پر پی ڈی ایم کی مشاورت ہو رہی ہے پیپلز پارٹی آئین و قانون پر یقین رکھتی ہے 18 ویں ترمیم ختم کرنے سے ملک کو نقصان ہو گا صوبائی خود مختاری ختم کرنے سے چھوٹے صوبوں میں احساس محرومی مزید بڑھ جائے گا پی ڈی ایم عوام کے لیے جدوجہد کر رہی ہے موجودہ حکومت نے مہنگائی میں ہوشربا اضافہ کر دیا ہے جنوبی پنجاب کے عوام کو علیحدہ صوبہ دینے کی بجائے ملتان اور بہاولپور میں الگ الگ سیکرٹریٹ بنا کر یہاں کے عوام کو آپس میں لڑانے کی کوشش کی جا رہی ہے ہمیں سیکرٹریٹ نہیں الگ صوبہ چاہیے جمہوری حکومتوں کو کبھی آئینی مدت پوری نہیں کرنے دی گئی موجودہ حکومت مدت پوری کرتی ہے یا نہیں کچھ کہنا قبل از وقت ہے اسرائیل کو تسلیم کرنے پر ہمارا دو ٹوک موقف ہے کہ اسرائیل کو کسی صورت تسلیم نہیں کیا جاسکتا ہمیں موقع ملا تو ملتان اور شجاع آباد کو جڑواں شہر بنا دیں گے قبل ازیں سابق وزیراعظم نے میاں احمد رضا بودلہ کی والدہ کی وفات پر ان کی رہائش گاہ پر ان سے اظہار تعزیت کیا شیخ یاسین مرحوم، شیخ عبدالسلام عارف قریشی مرحوم، حاجی ارشاد زرگر مرحوم کے جواں سالہ پوتے کی وفات پر انکے گھر جاکر اظہارِ تعزیت کیا اس موقع پر سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کے کوآرڈینیٹر خواجہ انیس مصطفیٰ ممبر پنجاب بار کونسل رانا طفیل احمد نون ایڈووکیٹ صدر بار رانا یوسف ایڈووکیٹ علماء ونگ جنوبی پنجاب کے جنرل سیکرٹری جمیل نورانی انفارمیشن سیکرٹری ملک اسماعیل راؤ عامر انیس، ملک فرخ شبیر مچڑ،کنور الطاف،جاوید گردیزی،یعقوب گجر،حافظ غلام حیدر،رائو ساجد علی بہادر سمیت پیپلزپارٹی کے کارکنان کی کثیر تعداد موجود تھی