بھاٹی چوک : ڈمپر کی موٹر سائیکل کو ٹکر ، 3 نوجون جاں بحق
لاہور+چناب نگر+ٹوبہ ٹیک سنگھ+ مظفرگڑھ‘ سبائیاں والا‘بستی اللہ بخش(نامہ نگاران+نمائندگان خصوصی+ نمائندوں سے) بھاٹی گیٹ کے علاقے میں تیز رفتار ڈمپر نے موٹر سائیکل سوار 3 نوجوانوں کو کچل دیا جبکہ چناب نگر، مظفرگڑھ میں3,3 اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں 2 افراد جاں بحق ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق بھاٹی گیٹ کے علاقے گورا قبرستان ٹیکسالی گیٹ کے سامنے تیز رفتار ڈمپر نے موٹر سائیکل سوار 3 نوجوانوں کو کچل دیا جو موقع پرہی جاں بحق ہوگئے جبکہ ڈمپر ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا ہے۔ جاں بحق ہونے والوں میں21سالہ عمر، 20 سالہ زید عابد اور 18 سالہ علی حمزہ شامل ہیںجو راوی روڈ کے رہائشی تھے۔ مرنے والوں میں ایک خاندان کے دونوجوان اور تیسرا ان کاملازم تھا۔ اطلاع پر پولیس نے موقع پر پہنچ تینوں نعشیں قبضے میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے مردہ خانے منتقل کردی ہیں اور فرار ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کر کے اس کی تلاش شروع کر دی ہے۔ دریں اثناء نوجوانوں کی ہلاکت پر ان کے گھروں میں کہرام مچ گیا اور علاقے میں سوگواری کی فضا چھا گئی ہے۔ ادھر وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے گورا قبرستان کے قریب ڈمپر کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار 3 نوجوانوں کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پرافسوس کا اظہار کیا ہے اور لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا ہے۔ عثمان بزدار نے حادثے کے بارے میں رپورٹ طلب کرلی ہے اور غفلت کے مرتکب ڈرائیور کے خلاف قانون کے تحت کارروائی کا حکم دیا ہے۔ادھرچناب نگر میںڈمپر کی زد میں آکر 50 سالہ نامعلوم خاتون جا ں بحق ہو گئی ،نواحی علا قہ کا رہائشی عبدالمجید موٹرسائیکل پر فیصل آباد جا رہا تھا ٹائر پھسلنے کے باعث سر میں چوٹ آنے سے چل بسا، عابدہ بشیر موٹرسائیکل پر اپنے شوہر کیساتھ جا رہی تھی کہ اس کا دوپٹہ موٹر سائیکل کے چین میں پھنس گیا سر میں چوٹ آنے کی وجہ سے جان کی بازی ہا ر گئی۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ میں چک نمبر 408ج ب کا رہائشی شہباز ولد اسلم کار میں انتہائی تیز رفتار ی کے ساتھ چک نمبر 383ج ب الہڑ کے قریب جھنگ روڈ سے گزرتے ایک موٹر سائیکل سوار محنت کش 30 سالہ محمد عمران ولد محمد حفیظ کو بری طرح کچل دیا اور وہاں سے اپنی کار مزید تیزی کے ساتھ چلاتے ہوئے تھوڑے فاصلے پر آگے جاتے ہوئے ایک اور موٹر سائیکل سوار ماں بیٹے کو بری طرح روند دیا، شہریوں کی اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور شہباز اور کار کو تھانہ لے گئے، ریسکیو کی اطلاع کے مطابق کار ڈرائیور شہبازنے شراب پی رکھی تھی اور وہ نشہ میں تھا۔ ادھرمظفرگڑھ کی تحصیل جتوئی میں قومی شاہراہ پر حق چار یار چوک کے قریب تیز رفتار کار نے موٹرسائیکل کو ٹکر ماردی۔ ریسکیو کے مطابق حادثے میں موٹر سائیکل پر سوار 3 بچے جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہوگیا، موٹرسائیکل پر عابد حسین نامی شخص کے 3 بچے جن میں 14 سالہ سمیر،10 سالہ ثمینہ بی بی،15 سالہ آصف اور ایک 4 سالہ پوتا محبوب سوار تھا،حادثے میں 14 سالہ سمیر،اسکی 10 سالہ بہن ثمینہ بی بی اور 4 سالہ محبوب دم توڑ گئے ۔حادثے کے بعد کار سوار ڈاکٹر عبدالباسط نامی شخص گاڑی چھوڑ کر فرار ہوگیا۔