ایکسپو سینٹر کے قریب آپریشن: کھوکھر برادران سے سوا ارب روپے کی 38کنال اراضی واگزار کرائی: فردوس عاشق
لاہور (نیوز رپورٹر) ضلعی انتظامیہ لاہور نے کھوکھر پیلس کے ارد گرد آپریشن کیا جہاں پر 38کنال غیر قانونی جگہ کو واگزار کرا لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور کی انتظامیہ نے مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی سیف الملوک کھوکھر اور رکن قومی اسمبلی ملک افضل کھوکھر کی رہائش گاہ کھوکھر پیلس کے ارد گرد متعدد تعمیرات گرا دیں جس سے 38کنال زمین واگزار کرا ئی گئی۔ اس بارے میں بتایا گیا کہ لاہور میں جوہر ٹاؤن میں ایکسپو سینٹر کے قریب ضلعی انتظامیہ نے ہیوی مشینری کی مدد سے بڑا آپریشن کیا۔ آپریشن کے وقت کھوکھر پیلس کی جانب جانے والے راستے کنٹینرز لگا کر بند کیے گئے تھے جبکہ پولیس کی بھاری نفری بھی تعینات رہی۔ گرائی گئی تعمیرات میں ایک پلازا اور ایک گھر شامل تھا۔ اس بارے میں ضلعی انتظامیہ کا دعویٰ تھا کہ اس زمین پر غیرقانونی قبضہ کیا گیا تھا۔ دوسری جانب کھوکھر فیملی کا مؤقف ہے کہ حکم امتناع کے باوجود وزیراعظم کو خوش کرنے کیلئے آپریشن کیا گیا اور سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ دریں اثناء ایک بیان میں فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ دسمبر گزر گیا، جنوری کا آخری ہفتہ بھی آ گیا۔ اپوزیشن اراکین کے استعفے آئے نہ لانگ مارچ ہوا۔ فروری اور مارچ بھی آئیں گے اور گزر جائیں گے۔ پی ڈی ایم کی تحریک عدم اعتماد پھر بھی نہیں آئے گی۔ یہ کاغذی شیر ہیں، تھوک کر چاٹنا کی گھٹی میں پڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جعلی راجکماری، شہزادے اور مولانا میں جوتیوں میں دال بٹنا شروع ہو چکی ہے۔ شہزادے نے اپنی چال چل دی ہے۔ جعلی راجکماری بھی آس لگائے بیٹھی ہیں۔ کنیزاؤں کے چہرے زرد ہیں اور زبانیں لرز رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کا مریل گھوڑا مردہ ہو چکا ہے۔
سیالکوٹ (نمائندہ خصوصی+ نامہ نگار) معاون خصوصی وزیر اعلی پنجاب برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعلی کی ہدایت پر بغیر کسی قسم کے سیاسی دباؤ کے قبضہ مافیا کے خلاف میرٹ بیس آپریشن کیا جارہا ہے اور سرکاری اراضی پر غیر قانونی طریقے اور سیاست کو کاروبار بنانے والوں کے خلاف آپریشن پوری قوت سے جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے دور حکومت میں اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ 181 ارب سے زائد مالیت کی ہزاروں ایکڑ زمین واگزار کروائی گی جبکہ ن لیگ کے دس سالوں میں واگزار کروائی گئی زمین کی مالیت صرف 2.6 ارب روپے تھی۔ پنجاب میں شاہی خاندان قبضہ مافیاز کی پشت پناہی کرتا رہا بلکہ ن لیگ کے50 سرکردہ رہنما زمینوں پر قبضے میں ملوث ہیں۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اینٹی کرپشن پنجاب نے صرف ان 50 ن لیگیوں سے 460 ایکڑ سے زائد زمین واگزار کروائی گئی اور 3 ارب42 کروڑ روپے سے زائد ریکور بھی کئے۔ ہر بڑے سکینڈل کے پیچھے ظل سبحانی کے کارندے پائے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن کے دلدادا شاہی خاندان نے 2013کے بعد رائیونڈ میں 446ایکڑ قیمتی اراضی ہتھیائی جس کی تحقیقات نیب میں چل رہی ہیں۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ شوبازاور ان کا پورا ٹبر اور حواریوں نے فیکٹریاں کارخانوں اور شوگر ملوں کی سیاست کرتے ہوئے دھرتی ماں کے سینے پر ہریالی اور فصلوں کی بجائے ایسے ناکام صنعتی منصوبے شروع کیے جن کی آڑ میں اربوں روپے بیرون ملک منتقل کرکے ایوان فیلڈ محل خریدے گئے۔ معاون خصوصی وزیر اعلی پنجاب برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کھوکھر برادران کے خلاف لاہور میں 38 کنال سرکاری زمین کی واگزاری کا بڑا آپریشن کیا گیا۔ ضلعی انتظامیہ لاہور نے 38 کنال سرکار کی زمین کھوکھر برادران سے واگزار کروا لی۔ زمین کی مالیت سوا ارب روپے ہے انہوں نے کہا کہ زمین کو خالی نہ کرنے اور عمل درآمد نہ کرنے پر آج گرینڈ آپریشن کیا گیا۔ 38 کنال جگہ پر بنے سٹرکچرز اور دکانوں کو مسمار کر دیا گیا۔ اے ڈی سی آر لاہور اور ایس ایس آپریشنز نے آپریشن نے نگرانی کی اور زمین کو واگزار کروا کر پنجاب حکومت کے حوالے کر دی گئی۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے خواجہ محمد آصف کو آڑھے ہاتھوں لیتے ہوئے کہاکہ کینٹ ہائوسنگ میں پبلک پارک کی زمین غیر قانونی قبضہ کررکھا ہے جبکہ اپنی بیوی اور بیٹے کے نام پر جائیدادیں بنائیں۔ انہوں نے کہاکہ ن لیگی ایم پی اے رانا لیاقت پنور5 غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیاں بنا کر عوام کو لوٹ رہے ہیں جبکہ ایک اور ایم پی اے چودھری ارشد وڑائچ نے 12کنال محکمہ انہار زمین پر قبضہ کرکے پلاٹ بنا کر فروخت کیا اور سوسائٹی کے ملحقہ نہر کے بند سے محکمہ انہار کی مٹی چوری کی اور چودھری ارشد وڑائچ کی بیٹی نے بطور چئیرپرسن ضلع کونسل اپنے والد کی سوسائٹی کو منظور کیا جبکہ چودھری اکرام سابق ن لیگی ایم پی اے نے مرحومہ کی جائیداد کا جعلی انتقال کروایا۔ انہوں نے کہاکہ مزید ن لیگی قبضہ معافیہ محکمہ اینٹی کرپشن کے ریڈار پر ہیں۔ ترقیاتی پروگرام کے تحت ضلع سیالکوٹ میں27ارب کی165ترقیاتی سکیموں پر کام جاری ہے۔ اس کے علاوہ 50نئی سکیموں پر 70کروڑ روپے خرچ ہونگے۔ کمیونٹی ڈویلپمنٹ پروگرام 30کروڑ کی 38 سکیموں پر کام جاری ہے۔