ڈونلڈ ٹرمپ اور بورس جانسن کا ٹیلی فونک رابطہ،ٹیلی کمیونیکیشن نیٹ ورکس کی سلامتی پر تبادلہ خیال کیاگیا،وائٹ ہاﺅس
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹیلی کمیونیکیشن نیٹ ورکس کی سلامتی پر تبادلہ خیال کے لیے برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن سے رابطہ کیاہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق وائٹ ہاﺅس نے ایک بیان میں کہاکہ یہ ٹیلی فونک گفتگو جمعہ کی شب ہوئی۔ چینی ٹیلی کام کمپنی ہواوے عنقریب برطانیہ میں فائیو جی نیٹ ورک متعارف کرانے والی ہے اور برطانوی حکومت کو جلد ہی اس بارے میں حتمی فیصلہ کرنا ہے کہ آیا ہواوے کو اس کی اجازت دی جائے۔ امریکا کو خدشہ ہے کہ ہواوے اپنے نیٹ ورکس کو جاسوسی کے لیے استعمال کر سکتی ہے۔ اس معاملے سے قریبی واقفیت رکھنے والے دو ذرائع کے مطابق امریکا چاہتا ہے کہ برطانیہ ہواوے پر مکمل پابندی لگائے جبکہ برطانیہ جزوی پابندی کے حق میں ہے۔