وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے کہاہے کہ برطانوی حکومت کی طرف سے پاکستان کے لئے اپنے سفری ہدایت نامے میں تبدیلی اوربرٹش ایئرویزکی پروازوں کی بحالی پاکستان کی سیکیورٹی صورتحال میں نمایاں بہتری کامظہرہے۔
ملتان میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پاکستان سیاحت کے لئے اہم ملک کے طورپرابھرکرسامنے آرہاہے ۔ انہوں نے کہاکہ دنیابھرکے لوگ پاکستان آنے اور یہاں کے خوبصور ت مناظردیکھنے میں گہری دلچسپی ظاہر کررہے ہیں۔وزیرخارجہ نے کہاکہ سیاحتی شعبے میں سرمایہ کاری کے امکانات میں بھی اضافہ ہوا ہے جس سے ملک میں بیروزگاری کے مسئلے سے نمٹنے میں مدد ملے گی۔انہوں نے امیدظاہر کی کہ آئندہ دنوں میں دوسرے ممالک بھی پاکستان کے بارے میں اپنے سفری ہدایت نامے پرنظرثانی کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت عالمی سطح پر ملک کا مثبت تشخص اجاگرکرنے کے لئے پُرعزم ہے.