چین میں متعدد افراد کی ہلاکت اور دنیا میں خوف کا سبب بننے والے مہلک کورونا وائرس کا پہلا مشتبہ کیس پاکستان میں بھی سامنے آگیا۔
صوبائی محکمہ صحت کے فوکل پرسن ڈاکٹر عطا کے مطابق کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کے شبے میں چینی شخص کو نشتر ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
فوکل پرسن کے مطابق 40 سالہ فینگ فین کو انڈسٹریل اسٹیٹ ملتان میں موجود چائنیز کیمپ سے نشتر اسپتال لایا گیا۔
محکمہ صحت کے عہدیدار نے مزید تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ چینی شخص چند روز قبل چین کے شہر ووہان سے براستہ دبئی اور کراچی سے ملتان پہنچا تھا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ مشتبہ چینی شخص کو آئی سو لیشن وارڈ منتقل کر کے نمونے لیبارٹری بھجوا دیے گئے۔
خلیجی ممالک سے آئی پروازوں کے مسافروں کو ہیلتھ کاؤنٹر سے گزرا جارہا ہے، ہیلتھ کاؤنٹر پر محکمہ صحت کی جانب سے ڈاکٹر اور پیرا میڈیکل اسٹاف دن رات موجود ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان نے کرونا وائرس کی ممکنہ خطرے کے پیش نظر عالمی لیبارٹریوں سے رابطہ کرلیا ہے۔ ظفرمرزا کا کہنا تھا کہ وائرس کی پاکستان میں تشخیص کی سہولت نہیں ،رپورٹ ہونیوالے مشتبہ کیسز کے سیمپلزبین الاقوامی لیبارٹریز بھیجےجائیں گے۔ وزارت صحت نے کرونا وائرس کی تشخیص کے لیے چین، ہانگ کانگ اور ہالینڈ کی لیبارٹریوں سے رابطہ کرلیا ہے۔