کشمیر ایشو پر پردہ نہیں ڈالا جاسکتا، کانگریس میں قرارداد لائیں گے: چیئرمین امریکی امور خارجہ کمیٹی
نیویارک (نوائے وقت رپورٹ) امریکہ کے ایوان نمائندگان کی امور خارجہ کمیٹی کے چیئرمین ایلیٹ اینگل نے مقبوضہ کشمیر کی ابتر صورتحال پر آئندہ چند ماہ میں کانگریس میں قرارداد لانے کا وعدہ کیا ہے۔ ایک انٹرویو میں ایلیٹ اینگل نے یقین دہانی کرائی کہ اس معاملے پر پردہ نہیں ڈالا جا سکتا۔ اس سوال پر کہ ایوان نے اکتوبر میں کشمیر پر خصوصی سماعت کی تھی مگر ابتک قرارداد پیش نہیں کی جا سکی، کانگریس مین ایلیٹ اینگل نے کہا کہ وہ جانتے ہیں کہ اس معاملے کو امور خارجہ کمیٹی کو دیکھنا ہو گا تاہم ابھی کانگریس صدر کے مواخذے اور دیگر امور میں مصروف ہے مگر اس بات کا عمومی احساس موجود ہے کہ قرارداد کا مسودہ آئندہ چند ماہ میں تیار کر لیا جائے۔ امورخارجہ کمیٹی کے چئیرمین ایلیٹ اینگل نے بھارت کے چیف آف ڈیفنس سٹاف کے اس بیان پر شدید تذبذب کا اظہار کیا کہ انتہا پسندی ختم کرنے کے نام پر کشمیری بچوں کو بھارتی کیمپوں میں ڈالنے کی پالیسی اپنانے پر غور کیا جا رہا ہے۔ ایلیٹ اینگل نے کہا کہ بلاآخر ہم ذیلی کمیٹی اور پھر کمیٹی کی سطح پر ان چیزوں کو دیکھیں گے اور اس قابل ہو جائیں گے کہ اسے ٹھیک کریں اور معاملے سے نمٹیں۔ مقبوضہ کشمیر میں لوگوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کے سبب اموات اور ہزاروں افراد کی گرفتاریوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ایلیٹ اینگل نے تسلیم کیا کہ مقبوضہ کشمیر میں ایسی چیزیں ہو رہی ہیں جو اراکین کانگریس ہی نہیں دیگر افراد کے لیے بہت پریشان کْن ہیں۔