ایوان زراعت بل میں مزید ترامیم کی تجویز پر منظوری موخر
اسلام آباد (نامہ نگار) ایوان زراعت کے قیام کے بل میں مزید ترمیم کی تجویز دیدی گئی ہے۔ چوہدری محمد اشرف کی سربراہی میں قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے غذائی تحفظ و تحقیق کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس پارلیمنٹ ہائوس میں ہوا۔ اجلاس میں چیمبر آف ایگری کلچر بل 2020ء زیر بحث آیا، جس پر بل کے موور ریاض فتیانہ نے کہاکہ یہ ایک ریگولیٹری اتھارٹی ہو گا، 19رکن ہوں گے، ایک سے پانچ ایکڑ زرعی اراضی رکھنے والے پانچ افراد ایوان زراعت کے ممبر ہوں گے۔ ایک خاتون ممبر ہوگی، 6سے 12ایکڑ کی ملکیت والے چار ممبران ہوں گے، ایگرو بیسڈ انڈسٹری کے نمائندے بھی ایوان زراعت کے رکن ہوں گے، مزارعوں کیلئے بھی ایک سیٹ ایوان زراعت میں رکھی جائیگی، ایوان زراعت ملک میں زرعی سیکٹر کے فروغ کیلئے کام کریگا۔ ترامیم کی تجویز پر بل کی منظوری موخر کردی گئی۔