پی اے سی ٹور کا اجلاس قواعد کی خلاف ورزی، اپوزیشن کیخلاف آڈٹ پیراز لکھوائے جا رہے ہیں
لاہور(نیوز رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ (ن) نے پبلک اکائونٹس کمیٹی ٹو کے اجلاس کے انعقاد کے معاملے پر سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی کو خط لکھ دیا ۔ مسلم لیگ (ن) کے اراکین اسمبلی کی جانب سے لکھے گئے خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ قواعد و ضوابط کی سنگین خلاف ورزی کرتے ہوئے پبلک اکانٹس کمیٹی ٹو کا اجلاس بلایا جارہا ہے ۔ مسلم لیگ (ن) کے اراکین سمیع اللہ خان اور ملک ندیم کامران کی جانب سے سپیکر پنجاب اسمبلی کو بھجوائے گئے خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پبلک اکانٹس کمیٹی ٹو کے اجلاس میں اپوزیشن جماعتوں کے رہنمائوں کے خلاف آڈٹ پیراز لکھوائے جا رہے ہیں۔اپوزیشن اراکین نے احتجاجاًتمام کمیٹیوں سے پہلے ہی استعفیٰ دے رکھا ہے ،پبلک اکانٹ کمیٹی ٹو کا اجلاس کورم پورا کیے بغیر منعقد کیا جا رہا ہے جو قواعد کی سنگین خلاف ورزی ہے ۔بند کمرہ اجلاسوں میں سرکاری افسران کو ڈرایا، دھمکایا جارہا ہے اور ان پر دبائو ڈالا جارہا ہے کہ سابقہ حکومتوں کے خلاف بیان دیں ،یہ عمل نہ صرف قواعدوضوابط کی سنگین خلاف ورزی ہے بلکہ پارلیمانی نظام کو متنازعہ و بدنام کرنے کی کوشش ہے ۔خط میں مطالبہ کیا گیا ہے سپیکر پنجاب اسمبلی فوری طور پر اس صورتحال کا نوٹس لے کر کارروائی کریں۔