کامیاب نوجوان ہنرمند نوجوان منصوبوں پر عمل کیا جائے
مکرمی! وزیراعظم پاکستان نے گزشتہ دنوں حکم صادر فرمایا ہے کہ وفاقی حکومت کے اداروں ڈویژنوں میں ایک لاکھ انیس ہزار آسامیوں کی بھرتی چار ماہ کے اندر کی جائے۔ ان کا یہ اعلان انتہائی خوش آئند ہے۔ اس سے قبل وزیراعظم صاحب نے نوجوانوں کو کاروبار کے لیے قرضے دینے کا اعلان کیا تھا۔ لاکھوں نوجوانوں نے اپنی درخواستیں آن لائن کی تھیں لیکن آج تک کسی کو قرضہ نہیں ملا۔ وزیر اعظم کی خدمت میں التماس ہے کہ چونکہ ہر سال لاکھوں نوجوان اعلیٰ تعلیم حاصل کر کے بے روزگار پھرتے ہیں لہٰذا تمام محکمہ کو ہدایت کی جائے کہ وہ بھرتی کا عمل صاف شفاف طریقے سے مکمل کریں اور اس سلسلے میں تاخیر نہیں ہونی چاہیے۔ علاوہ ازیں نوجوانوں کو جلد از جلد قرضے دئیے جائیں تاکہ وہ کوئی نہ کوئی کاروبار شروع کر کے اپنے والدین کا سہارا بنیں اور اپنا روز گار کمائیں۔ ان اعلانات پر عملدرآمد نہایت ضروری ہے۔(سید لطف علی بخاری موچھ میانوالی)