پاکستان کا نام گرے لسٹ سے نکلنے کے امکامات
چین نے کہا ہے کہ پاکستان نے اپنے اندرونی انسداد دہشت گردی مالی تعاون نظام کو مستحکم کرنے کیلئے عظیم کوششیں کیں اور اس حوالے سے پیشرفت انتہائی واضح ہے۔ بیجنگ میں ترجمان چینی وزارت خارجہ نے معمول کی بریفنگ کے دوران مزید کہاکہ امید ہے ایف اے ٹی ایف دہشت گردوں کی معالی معاونت کو روکنے کے نظام اور دہشت گردوں کی مالی معاونت کے خلاف جاری کوششوں کو بہتر بنانے کیلئے پاکستان کی تعمیری حمایت اور معاونت جاری رکھے گا۔
ایف اے ٹی ایف ایشیا پیسیفک جوائنٹ گروپ اجلاس چین میں جاری ہے۔ پاکستان کوگرے لسٹ سے نکلنے کے لئے ایف اے ٹی ایف نے جو اقدامات کرنے کو کہا، اس پر پاکستان کی طرف سے عمل کیا گیا۔ رواں اجلاس میں پیش کی گئی رپورٹ کے مطابق پاکستان نے دہشتگردوں کی فنڈنگ روکنے کیلئے واضح اقدامات کئے اور اس حوالے سے پیشرفت انتہائی واضح ہے۔ چین نے اسی لئے زور دے کر کہا ہے کہ دنیا پاکستان کی ان کوششوں کا اعتراف کرے۔ پاکستان نے جس طرح دہشتگردوں کی فنڈنگ روکی اور شدت پسند تنظیموں پر پابندیاں لگاتے ہوئے ان کی لیڈر شپ کو پابند سلاسل کیا، ایسے اقدامات کے بعد پاکستان کا نام گرے لسٹ سے نکل جانا چاہیے تھا مگر بھارت کے جھوٹے پراپیگنڈے ‘لابنگ اور اثرو رسوخ سے پاکستان کا نام بلیک لسٹ میں شامل کرنے کی سازش ہونے لگی۔ چین نے پاکستان کا ساتھ دیا اوریہ سازش ناکام بنا دی۔ پاکستان نے سفارتی میدان میں فعالیت دکھائی جس کے نتیجے میں امریکہ نے بھی پاکستان کا ساتھ دینے کا فیصلہ کیا۔ وزیر خارجہ شاہ محمو قریشی نے کہا کہ وزیراعظم نے ایف اے ٹی ایف پر ٹرمپ کو قائل کر لیا ہے۔ڈیووس میں عمران خان اور ٹرمپ کے درمیان ملاقات کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ امید کی جانی چاہیے کہ چین کے بعد امریکہ کی حمایت سے پاکستان کا نام گرے لسٹ سے نکل جائے گا۔