پنجاب اسمبلی کی ورکنگ اور کمیٹی سسٹم کو برطانوی ادارہ کی مدد سے مزید بہتر بنایا جائیگا: چودھری پرویزالٰہی
سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے برٹش ہائی کمیشن کے پولیٹیکل قونصل مسٹر ولیم مڈلیٹن (Mr. William Middleton) اور بین الاقوامی ترقی کے برطانوی ادارے ڈی ایف آئی ڈی لاہور کے سربراہ مسٹر جنال شاہ (Mr. Jinal Shah) نے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی جس میں پنجاب اسمبلی اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ اس ادارہ کی امداد سے پنجاب اسمبلی کی ورکنگ اور کمیٹی سسٹم کو مزید بہتر بنانے کیلئے ریفارمز کی جائیں گی جبکہ افرادی تربیت میں بھی ان کا تعاون حاصل کیا جائے گا۔ چودھری پرویزالٰہی نے اپنی پچھلی حکومت کے دور میں ڈی ایف آئی ڈی اور یو کے ایڈ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ دونوں ادارے ملکوں میں تاریخی تعلقات کی روشن مثال ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈی ایف آئی ڈی نے پاکستان باالخصوص پنجاب میں تعلیم، صحت اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے شعبوں میں شاندار خدمات انجام دی ہیں۔ چودھری پرویزالٰہی نے معزز مہمانوں کی جانب سے تعاون کی پیشکش کا خیرمقدم کرتے ہوئے مزید کہا کہ پاکستان اور برطانیہ میں مضبوط سیاسی اور تاریخی تعلقات ہیں اور پاکستان کی ترقی میں ہمارے اس دوست ملک کا کردار نمایاں ہے۔