ملک میں بچوں کے تحفظ کے معاملے پر سینٹ کی منتخب کمیٹی کے چیئرمین کا انتخاب مکمل,منتخب کمیٹی کڑی سزائیں تجاویز کرے گی
ملک میں بچوں کے تحفظ کے معاملے پر سینٹ کی منتخب کمیٹی کے چیئرمین کا انتخاب مکمل کر لیا گیا, سینیٹر میر کبیر خان کو متفقہ طور پر کمیٹی کا چیئرمین منتخب کیا گیا ہے ۔ منتخب کمیٹی کو بچوں کے ساتھ بد سلوکی ، زیادتی ، جبری مشقت اور دیگر استحصال کے ذمہ داران کے لیے کڑی سزائیں تجاویز کرے گی ۔ چیئرمین کے انتخاب کے لیے سینٹ سلیکٹ کمیٹی کا اجلاس جمعرات کو پارلیمنٹ ہاوس میں ہوا ۔ چیئرمین قائمہ کمیٹی داخلہ رحمان ملک ، سینیٹر پرویز رشید ، چیئرمین قائمہ کمیٹی قانون سینیٹر جاوید عباسی ، سینیٹر سعید مندوخیل ، سینیٹر سحر کامران شریک ہوئیں ۔ بچوں کو ملازم رکھنے اور زیادتی کے واقعات کے تناظر میں سخت قانون سازی کے لیے سینٹ سلیکٹ کمیٹی متحرک ہے سانحہ قصور جیسے واقعات کے مجرمان کو سزائے موت دینے کی سفارش پر بھی یہی کمیٹی غور کرے گی ۔ سفارش قائمہ کمیٹی داخلہ کی طرف سے کی گئی تھی ۔ چیئرمین سینٹ میاں رضا ربانی نے اس معاملے کے لیے منتخب کمیٹی قائم کر دی بچوں سے زیادتی و قتل جیسے بھیانک واقعات کے مجرمان کے لیے کڑی سزاؤں بشمول پھانسی دینے کی تجاویز کے تناظر میں کمیٹی سخت قانون کے مسودہ کی تیاری کا جائزہ لے گی ۔ بچوں کو ملازم رکھنے پر پابندی کو یقینی بنانے کے لیے قوانین پر عملدرآمد کے جائزہ کا بھی کمیٹی کو اختیار ہے ۔