حکومت نے شہری اور دیہی بلدیاتی اداروں کو فعال بنانے کیلئے اقدامات نہیں کئے
راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ) پنجاب کے سابق وزیر بلدیات و قانون محمد بشارت راجہ نے ایوان وقت میں کہا کہ موجودہ حکومت نے شہری اور دیہی بلدیاتی اداروں کو موثر اور فعال بنانےکیلئے اقدامات نہیں کئے۔ دیہات میں لوکل کونسلوں کو عملے کی تنخواہوں کے سواکوئی فنڈز نہیں دیئے۔ بلدیاتی چیئرمین بے بس ہیں۔ راولپنڈی کی ضلع کونسل کے ابھی تک انتخابات نہیں کرائے گئے۔ لاہور‘گوجرانوالہ‘ فیصل آباد کے مقابلے میں راولپنڈی میں ترقی نہ ہونے کے برابر ہے۔ اس پر راولپنڈی کی سیاسی قیادت پر افسوس ہوتا ہے۔ سوائے آر آئی سی کے راولپنڈی کی تینوں سرکاری ہسپتالوں کی حالت زار حکومتی عدم توجہی کی مظہر ہے۔ مری روڈ کو بھی بہتر نہیں نہ بنایا جا سکا نہ ہی کسی ایکسپریس کے منصوبے پر کام ہوا۔ زچہ بچہ ہسپتال کا منصوبہ کھٹائی میں پڑا ہوا ہے۔ رنگ روڈکے منصوبے کی منظوری اور فزیبلٹی رپورٹ کا مرحلہ ہمارے دور میں طے ہو چکا تھا مگر کام نہیں ہوا‘ پنجاب میں راولپنڈی‘ ٹیکسلا‘ گوجرخان‘ جی ٹی روڈ کا بائی پاس نہیں ہے۔ ہمارے دور میں ہی رکھ دھمیال قبرستان منصوبے کا افتتاح ہوا واش رومز بنائے گئے مگر اسے آباد نہیں کیا گیا۔ وہاں پنجاب حکومت کی ہزاروں کنال اراضی پڑی ہے۔ شہرکینٹ اور ملحقہ یوسیز کا قبرستان کا مسئلہ حل کیا جا سکتا ہے۔