برآمدات میں اضافے کیلئے اہم فیصلے متوقع وزیر اعظم جلد مراعات کا اعلان کرینگے
کراچی(کامرس رپورٹر) وزیراعظم کے مشیر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ حکومت کو بزنس کمیونٹی کی مشکلات کا بخوبی احساس ہے اور وزیراعظم شاہد خاقان عباسی چندروز میں برآمدی صنعتوں کیلئے اہم فیصلے کریں گے،ملکی برآمدات میں اضافہ خوش آئند ہے اور جلد ہی برآمدات میں مزید تیزی سے اضافہ ہوگا۔انہوں نے یہ بات اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے سابق نائب صدراحسن ظفر بختاوری کی جانب سے یونائٹیڈ بزنس گروپ کے رہنمائوں اور ایف پی سی سی آئی کے نومنتخب عہدیداران کے اعزازمیں دیئے گئے ناشتے میں گفتگو کے دوران کہی۔اس موقع پر تاجررہنما ایس ایم منیر،افتخار علی ملک،زبیرایف طفیل، نور احمد خان نے بھی اظہار خیال کیا۔ اس موقع پر ریاض الدین شیخ، وسیم وہرہ،عرفان یوسف، زبیر احمدملک،ڈاکٹرمرزااختیار بیگ،شبنم ظفر، کریم عزیزملک،عبدالسمیع خان، ظفر بختاوری ،عاطف اکرام شیخ،ثمینہ فاضل، خالد جاوید، شیخ عامروحید،قاضی اکبر،اعجاز عباسی، خالد چوہدری، ممتاز شیخ،شکیل احمد ڈھینگڑا، میاں وقار، وقار بختاوری، انجینئر دارو خان، حارث بختاوری اور دیگر مہمان بھی موجود تھے۔ یونائٹیڈ بزنس گروپ کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر نے کہا کہ ایمنسٹی اسکیم آنے سے ملک کا فائدہ ہوگا اور بزنس مینوں کو فائدہ ہوگا۔ ایس ایم منیر نے کہ کہ ایف بی آرمسلسل تاجروں کا استحصال کرنے میں مصروف ہے اور حکومت کو ایف بی آر افسران کو لگام ڈالنا ہوگی۔یو بی جی کے چیئرمین افتخار علی ملک نے کہاکہ پارلیمنٹیرین آپس میں لڑرہے ہیں،حکومت کو اقتصادی ایجنڈا دینا چاہیئے،حکومت روزگار کے مواقع فراہم نہیں کرسکتی بلکہ بزنس کمیونٹی ہی ملازمتیں فراہم کرسکتی ہے۔