تجاوزات کے خاتمے کیلئے آباد کو اعتماد میں لیں گے:سمیع صدیقی
کراچی(اسٹاف رپورٹر)ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی سمیع الدین صدیقی نے کہا ہے کہ تنظیم آباد کے مسائل ہنگامی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے جبکہ ادارہ اپنا بھرپور تعاون جاری رکھے گا۔ یہ بات انہوں نے آباد کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔ وفد نے ڈی جی کے ڈی اے کو آباد کے مسائل سے آگاہ کیا۔ ڈی جی کے ڈی اے نے کہا کہ تجاوزات کے خاتمہ کیلئے اسٹیٹ اینڈ انفورنسمنٹ کا عملہ بلاتفریق کارروائی کررہا ہے جبکہ رواں ماہ آباد کی نشاندہی پر قائم تجاوزات کے خاتمہ کیلئے بھرپورقوت سے آپریشن کیاجائے گا۔ کے ڈی اے نیلامی میں الاٹ کئے گئے کے ڈی اے اراضی کا قبضہ آباد کے سپرد کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے۔آباد کے سینئر وائس چیئرمین فیاض الیاس اوروائس چیئرمین محمد سہیل وریند نے ڈی جی کے ڈی اے کو آباد کے مسائل کے خاتمہ کیلئے مختلف تجاویز پیش کیں۔ ڈی جی کے ڈی اے نے کہا کہ آباد کی تجاویز پر افسران سے مشاورت کی جائے گی جس کے بعد مثبت تجاویز پر عملی اقدامات کئے جائیں گے۔