کوٹ ادو: سرکاری رقبہ واگزار کرانے کیلئے جانیوالے اے سی کو عملے سمیت یرغمال بنا لیا
کوٹ ادو (خبر نگار) سرکاری رقبہ پر ناجائز قبضہ کرکے ناجائز کاشت کرنے والوں کے خلاف اطلاع پر اے سی کوٹ ادو جائے وقوعہ پر عملے کے ہمراہ سرکاری اراضی واگزار کرانے پہنچ گئے۔ قبضہ گروپ نے اسسٹنٹ کمشنر کو عملے سمیت یرغمال بنا لیا، قاتلانہ حملہ کرکے قتل کرنے کی کوشش ،گالی گلوچ اور نازیبا الفاظ کا استعمال کیا۔ اہل علاقہ کی مداخلت پر سنگین نتائج کی دھمکیاں دیتے ہوئے فرار، پولیس نے اسسٹنٹ کمشنر کوٹ ادو محمد اختر منڈھیرا کی مدعیت میں قبضہ گروپ کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔ اس بارے تفصیل کے مطابق موضع صادق آباد چوک سرور شہید میں گزشتہ روز قبضہ مافیا ضیاء اللہ خان چانڈیہ (یوسی چیئرمین)، عبداللہ خان چانڈیہ (سابق نائب ناظم)، سجو خان چانڈیہ وغیرہ نے سرکاری رقبہ5 سے 6 مربع زرعی اراضی پر قبضہ کرکے وہاں پر کاشت کی ہوئی تھی اور عرصہ دراز سے سرکاری رقبہ پر ناجائز قبضہ کرکے اس سے لاکھوں روپے مالیت کا سالانہ مفاد اٹھا رہے تھے اور گورنمنٹ کو بھاری نقصان پہنچا رہے تھے۔گزشتہ روز اسسٹنٹ کمشنر کوٹ ادو محمد اختر منڈھیرا، نائب تحصیلدار آصف محمود، قانونگو، گرداور حلقہ پٹواری اور دیگر ریونیو عملہ و پولیس کے ہمراہ موقع پر پہنچے تو قبضہ گروپ نے انہیں یر غمال بنالیا روکنے پر قاتلانہ حملہ کرکے قتل کرنے کی کوشش اہل علاقہ کی مداخلت پر قبضہ مافیا کے سرغنہ ضیاء اللہ خان چانڈیہ (یوسی چیئرمین)، عبداللہ خان چانڈیہ (سابق نائب ناظم)، سجو خان چانڈیہ اپنے بیٹوں، پوتوں اور دیگر60 نامعلوم ساتھیوں کے ہمراہ اسلحہ، ڈنڈے سوٹے لہراتے ہوئے سنگین نتائج کی دھمکیاں دیتے ہوئے فرار ہوگئے۔ پولیس تھانہ چوک سرور شہید نے اسسٹنٹ کمشنر کوٹ ادو محمد اختر منڈھیرا کی مدعیت میں قبضہ گروپ کے سرغنہ ضیاء اللہ خان چانڈیہ (یوسی چیئرمین)، عبداللہ خان چانڈیہ (سابق نائب ناظم)، سجو خان چانڈیہ اور 60 نامعلوم کے خلاف مقدمہ درج کرکے قبضہ گروپوں کی تلاش شروع کر دی ہے۔