کوٹ ادو موضع جھنجن والی میں جے ہیڈ بند میں بھی کروڑوں کی کرپشن
کوٹ ادو (خبر نگار) موضع جھنجن والی میں قائم جے ہیڈ حفاظتی سپر بند میں بھی کروڑوں کی کرپشن کا انکشاف، ٹھیکیدار نے محکمہ انہار کے عملہ سے ملی بھگت کرکے جے ہیڈ حفاظتی سپر بند کا نقشہ ہی تبدیل کر دیا۔ 12لاکھ پتھر ڈالنے کے بد لے4 لاکھ پتھر ڈالے گئے، پچنگ اور سالٹ پورشن میں بھی گھپلا، تفصیل کے مطابق موضع پرہاڑ غربی کے غلام عباس نمردی، غلام مرتضیٰ، محمد عمران، محمد یوسف، سجاد حسین، شبیر احمد و دیگر نے الزام عائد کرتے ہوئے بتایا کہ دریائے سندھ میں سیلاب سے بچائو کے لئے کوٹ ادو کے علاقوں میں بنائے جانے والے حفاظتی سپر بندوں پر کرپشن کی انتہا کر دی گئی ہے۔ کھلنگ والا حفاظتی سپر بند میں کروڑوں کی کرپشن کے بعد موضع جھنجھن والی میں قائم جے ہیڈ حفاظتی سپر بند میں بھی گھپلوں کا انکشاف ہوا ہے۔ مذکورہ سپر بند جس کا ٹھیکہ منیر باروی نامی ٹھیکیدار کو ملا تھا میں محکمہ انہار کی ملی بھگت سے مذکورہ سپر کا ٹھیکیدار نے نقشہ ہی تبدیل کر دیا۔ مذکورہ سپر جہاں پر ٹھیکیدار نے 12لاکھ سی ایف ٹی پتھرکی منظوری ہونے کے باوجود کرپشن کی انتہا کرتے ہوئے 4لاکھ پتھر استعمال کیا اور میچنگ میں 8انچ بجری بھرنی تھی مگر موقع پر ایک سے 2انچ بجری ڈالی گئی جبکہ سالٹ پورشن کے لئے ایک لاکھ پتھر منظور تھے جبکہ وہاں پر صرف 30 سے40 ہزار پتھر مٹی ملا کر استعمال کیا گیا۔ سپر بند میں گہرائی میں 5 فٹ پتھر ڈالنے کی بجائے ایک سے2 فٹ پتھر ڈالا گیا ہے جسے ہیڈ سپر بند پر موجود 8 لاکھ پتھر کو ٹھیکیدار نے غائب کر کے صرف ایک لاکھ پتھر شو کیا گیا۔ ذرائع سے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ مذکورہ ٹھیکیدار منیر باروی نے محکمہ انہار کے ایکسین مہر ریاض اور ایس ڈی او فرخ بٹ کی ملی بھگت سے ستم ظریفی کرتے ہوئے 50 فیصد کام کے بدلے 90 فیصد کام کا بل 5کروڑ بھی وصول کر لیا ہے۔ انہوں نے آرمی چیف آف آرمی سٹاف قمر جاوید باجوہ، چیف جسٹس آف پاکستان نثار ثاقب، وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف، صوبائی وزیر محکمہ انہار، چیف سیکرٹری انہار و دیگر اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ مذکورہ حفاظتی سپر کی پڑتال کے لئے ٹیمیں بنا کر بھیجی جائیں اور گھپلوں میں ملوث محکمہ انہار کے افسران سمیت ٹھیکیدار کے خلاف کارروائی کرکے انکے خلاف مقدمات درج کرائے جائیں، بصورت دیگر اہل علاقہ محکمہ انہار کے دفتر کے سامنے احتجاجی کیمپ لگانے پر مجبور ہو جائے گا۔