فیض آباد میں قائم غیر قانونی ٹرانسپورٹ اڈوں کیخلاف آپریشن ،2ایکڑ اراضی و اگزار
اسلام اباد (وقائع نگار)سی ڈی اے کا اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم پرفیض آباد میں موجود غیر قانو نی ٹرانسپورٹ اڈوں کے خلاف آپریشن، ٹرانسپورٹ اڈوں کے مالکان نے رائٹ آف وے اور گرین بیلٹس پر بھی قبضہ کررکھا تھا تاہم شعبہ انفورسمنٹ نے قبضہ کی گئی 2ایکڑ سے زائد اراضی کو واگزارکرواکر قبضہ شعبہ انوائرمنٹ کے حوالے کردیا، بااثر قبضہ مافیا نے فیض آبادکی سرکاری اراضی پر قبضہ کرکے یہاں پر غیر قانونی بس اورٹرانسپورٹ اڈے قائم کررکھے تھے ،بااثر مافیا نے سی ڈی اے انتظامیہ کی مبینہ ملی بھگت سے رائٹ آف وے ،گرین بیلٹس،فٹ پاٹھ ،سڑکوں اورچوراہوں پر بھی قبضہ کررکھاتھا ،تاہم عدالت کے احکامات پرسی ڈی اے کے شعبہ ڈی ایم اے، انفورسمنٹ ،انوائرمنٹ اورضلعی انتظامیہ نے بدھ کوفیض آباد میں غیر قانونی ٹرانسپورٹ اڈوں کے خلاف آپریشن کیا، نگرانی ڈائریکٹر ڈی ایم اے علی سفیان نے کی جبکہ مجسٹریٹ علی جاوید،اے ایس پی انڈسٹریل ایریا رانا وہاب،ایس ایچ او تھانہ آئی نائن خالد اعوان سمیت دیگر متعلقہ اداروں کے اہلکاراں نے بھی شرکت کی۔آپریشن کے دوران شعبہ انفورسمنٹ نے ٹرانسپور ٹ اڈوں کی جانب سے قائم کی گئی تجاوزات کو مسمار کردیا اوررائٹ آف وے سمیت گرین بیلٹ پر قائم تجاوزات کو بھی مسمار کردیا۔آپریشن کے دوران سی ڈی اے نے دو ایکٹر سے زائد سرکاری اراضی واگزار کروائی ،بعد ازاں واگزار کروائی گئی اراضی کو شعبہ انوائر منٹ کے حوالے کردیاگیا جہاں پر انوائر منٹ نے ہرے بھرے پودے لگا نے اور خار دار تار لگانے کا عمل شروع کر دیا۔