سعودی حکومت سے مردم شماری کے مطابق مزید کوٹہ حاصل کیا جائے، عمران قریشی
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی)رفیقِ حجاج کمیٹی پاکستان کے صدر بابو عمران قریشی نے ایک بیان میں کہا کہ 3لا کھ 74ہزار درخواستوں کی وصولی گورنمنٹ سکیم پر عوام کے اعتماد کا اظہار ہے۔قرعہ اندازی کے بعد تقریباً 2 لاکھ 54ہزارکے قریب درخواست دہندگان ناکامی سے دوچار ہوں گے جو ایک لمحہ فکریہ ہے۔ اُنہوں نے وزارتِ مذہبی اُمور سے اپیل کی کہ چونکہ ملک میں مردم شماری مکمل ہو چکی ہے لہٰذا سعودی حکومت سے اعلیٰ سطح بات چیت کر کے مردم شماری کے مطابق مزید کوٹہ حاصل کیا جائے تا کہ زیادہ سے زیادہ لوگ اپنا مذہبی فریضہ ادا کرسکیں۔حج پالیسی کے مطابق تین سال سے لگاتار قرعہ اندازی میں ناکام ہونے والے اُن درخواست دہندگان کو جنہوں نے امسال بھی حج کے لئے درخواست دی ہے بغیر قرعہ اندازی کے کامیاب قرار دے دیا جائے گا جس کے لئے تقریباً 10ہزار کا کوٹہ مختص کیا گیا ہے۔ اسی طرح 80 سال یا زائد عمر کے بزرگ افراد کو بھی بغیر قرعہ اندازی کے کامیاب قرار دے دیا جائے گا جس کے لئے بھی 10 ہزار کا کوٹہ رکھا گیا ہے۔یہ بزرگ افراد اپنے ساتھ ایک اٹنڈنٹ بھی لے جا سکیں گے بشرطیکہ اُس کا درخواست دہندہ سے خونی رشتہ ہو۔ بابو عمران قریشی نے وزارتِ مذہبی اُمو رکو تجاویز پیش کرتے ہوئے کہا کہ چونکہ ایسے افراد کی تعداد سینکڑوں میں ہو گی لہٰذا اگر خونی رشتہ نہ بھی ہو تو بھی درخواست کو منظور کیا جائے اور مسترد نہ کیا جائے کیونکہ ضروری نہیں کہ ہر بزرگ کا خونی رشتہ بھی موجود ہو۔