رائو انوار کو بااثر سیاسی شخصیت کی پشت پناہی حاصل ہے: منور رضا
کراچی(اسٹاف رپورٹر) مسلم لیگ ن کراچی ڈویژن کے صدر سید منور رضا نے کہا ہے کہ جعلی مقابلوں میں ملک گیر شہرت رکھنے والے ایس ایس پی ملیر رائو انوار کو سندھ کی ایک بااثر شخصیت کی پشت پناہی حاصل ہے جسے پوری دنیا جانتی ہے کئی با ر معطل ہونے کے باوجود رائو انوار کا واپس ملیر میں تعینات ہونا اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ کتنا بااثر ہے۔ بار بار معطل ہونے کے باوجود بحال ہوتا تھا اقامہ ہولڈر قاتل ایس ایس پی رائو انوار کا انکوائری کمیٹیوں میں نہ آنا ملک سے فرار کی کوشش اور اس کی عدم گرفتاری سندھ پولیس پر سوالیہ نشان ہے۔ منور رضا نے کہا کہ رائو انوار کا ماضی داغدار ہونے کے باوجود اسے سزا دینے والا کوئی نہ تھا اللہ کی لاٹھی بے آواز ہے بے گناہ نقیب محسود کا لہو اس کے لئے پھانسی کا پھندا ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی سندھ میں دس سالہ کارکردگی صفرہے ‘ بیڈگورننس کے سابقہ تمام ریکارڈ ٹوٹ چکے ہیں کسی کی جان و مال محفوظ نہیں‘مسلم لیگ ن کی قیادت کے خلاف پروپیگنڈہ کرنے والی پیپلز پارٹی کی قیادت اپنے گریبان میں جھانکے ان کے صوبے میں کیا ہورہا ہے۔