پیپلز پارٹی کراچی کو امن کا شہر بنانے میں کردار ادا کر رہی ہے‘ جان محمد بلوچ
کراچی(اسٹاف رپورٹر ) چیئرمین بلدیہ ملیر جان محمد بلوچ نے کہا ہے کہ شاہراہوںپر لگائی گئی اسٹریٹ لائٹس کی مرمت و تبدیلی کو یقینی بنارہے ہیں‘ پیپلز پارٹی کراچی کو روشنیوں اور امن کا شہر بنانے میں بھرپور کردار ادا کر رہی ہے‘ ملیر میں ترقیاتی کاموں کی وجہ سے عوام کا معیار زندگی بہتر ہو رہا ہے‘بلدیہ ملیر انتظامیہ شہریوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی‘ نکاسی آب ‘ شاہراہوں کی درستگی اور روشنی کے انتظامات کیلئے اقدامات کر رہی ہے ان خیالات کا اظہار چیئرمین بلدیہ ملیر جان محمد بلوچ نے میونسپل کمشنر عمران اسلم‘ احسان اللہ ٹکروی‘ ملک تاج کے ہمراہ یو سی مظفر آباد کی مرکزی شاہراہ پر نئی اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب کے کام کا جائزہ لیتے ہوئے کیا ۔ چیئرمین بلدیہ ملیر نے موقع پر موجود ایکس ای این ایم اینڈ ای اقبال ڈائری کو ہدایت دیتے ہوئے کہاکہ بلدیہ ملیر کی شاہراہوں پر روشنی کے انتظامات یقینی بنانے کیلئے اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب ‘خراب لائٹوں کی درستگی و مرمت اور تبدیلی کیلئے دستیاب وسائل کو استعمال میں لاتے ہوئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں۔