اورنج ٹرین منصوبے کا 84 فیصد کام مکمل ہو چکا : خواجہ حسان
لاہور (سپیشل رپورٹر) وزیراعلی پنجاب کے مشیر اور سٹیرنگ کمیٹی کے چیئرمین خواجہ احمد حسان نے کہا ہے کہ لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین عوام کے لئے وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کا تحفہ ہے جو عام شہریوں کے لئے سفر کا آرام دہ اور جدید ترین ذریعہ ہو گی۔ منصوبے کا 84 فیصد تعمیراتی کام مکمل کرلیا گیا ہے اور یہ حتمی مراحل میں داخل ہو گیا ہے۔ تمام متعلقہ محکمے مکمل ہم آہنگی کے ساتھ دن رات کام کر کے اسے جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لئے کوشاں ہیں۔ اورنج لائن کیلئے ٹرینوں کے 17 سیٹ پاکستان پہنچ چکے ہیں‘ باقی 10 سیٹ بھی چند ہفتوں میں چین سے درآمد کر لئے جائیں گے۔ وہ اورنج لائن منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے سلسلے میں اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ڈیرہ گجراں سے چوبرجی تک پیکیج ون کا 89.3 فیصد‘ چوبرجی سے علی ٹائون تک پیکیج ٹو کا 75 فیصد‘ پیکیج تھری ڈپو کا 85 فیصد جبکہ پیکیج فور سٹیبلینگ یارڈ کی تعمیر کا 86 فیصد کام مکمل کیا جا چکا ہے۔ اس کے علاوہ منصوبے کا 40 فیصد الیکٹریکل و مکینیکل ورکس بھی مکمل کر لیا ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تاریخی عمارتوں کے قریب جاری تعمیراتی کام کے دوران سپریم کورٹ کی ہدایات پر سختی سے عمل در آمد کیا جائے۔ جی پی او چوک کی بندش کے دوران متبادل روٹ پلان پر عمل درآمد کے لئے شہریوں کی رہنمائی کی خاطر موزوں مقامات پر بڑے سائز کے بل بورڈ نصب کئے جائیں۔