صدر نے جسٹس (ر)اصغر حیدر کو پراسیکیوٹر نیب بنانے کی منظوری دیدی‘ اٹارنی جنرل
اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) سپریم کورٹ میں پراسیکیوٹر جنرل نیب کی تعیناتی سے متعلق ازخود نوٹس کیس کی سماعت کے دوران اٹارنی جنرل کی یقین دہانی پر عدالت نے کیس نمٹا دیا ہے، اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ وزیراعظم نے جسٹس (ر) اصغر حیدر کے نام کی سفارش کی ہے دو روز میں نوٹیفیکیشن جاری کر دیا جائے گا۔ چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے پراسیکیوٹرجنرل نیب کی عدم تعیناتی سے متعلق ازخود نوٹس کیس کی سماعت کی ،سماعت کے آغاز میں اٹارنی جنرل اشتراوصاف نے عدالت کوبتایاکہ وزیراعظم نے پراسیکیوٹرنیب کی تعیناتی کیلئے سمری ارسال کر دی ہے اورجسٹس اصغرحیدرکے نام کی سفارش کی گئی دوروزمیں نوٹیفکیشن جاری کردیا جائے گا، عدالت نے اٹارنی جنرل کی یقین دہانی پر کیس نمٹا دیا، یاد رہے کہ لاہورہائیکورٹ کے سابق جج سید اصغرحیدرکا نام چیئرمین نیب کے جانب سے بھیجے جانے والوں پانچ ناموں میں شامل تھا، واضح رہے صدر مملکت ممنون حسین نے جسٹس (ر) سید اصغر حیدر کو نیب کا پراسیکیوٹر جنرل تعینات کرنے کی منظوری دے دی،نوٹیفیکیشن جاری جسٹس(ر)سید اصغر حیدر 3سال کیلئے نیب کے پراسیکیوٹر جنرل ہوں گے۔