پی آئی اے کو نجکاری کی بھینٹ نہیں چڑھنے دیں گے :حافظ نعیم الرحمن
کراچی (نیوز رپورٹر) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی پی آئی اے کے محنت کشوں اور افسران سمیت تمام ملازمین اور ان کے اہلِ خانہ کو نج کاری کی بھینٹ ہر گز نہیں چڑھنے دے گی ۔قومی اداروں کی نج کاری کے خلاف ہم نے ہمیشہ آواز اُٹھائی ہے ۔قومی اداروں کی بد حالی اور ناقص کارکردگی کے مسئلے کا حل نج کاری میں نہیں ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ادارہ نور حق میں پیاسی یونین کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔وفد میں پیاسی کے صدر عبید اللہ ،سیکریٹری جنرل محمد احمد صدیقی ،سینئر نائب صدر خلیل الرحمن ،آرگنائزنگ سیکریٹری محمد اورنگزیب اور دیگر شامل تھے ۔ملاقات میں جماعت اسلامی کراچی کے نائب امیر بر جیس احمد ،سیکریٹری اطلاعات زاہد عسکری،نیشنل لیبر فیڈریشن کے رہنماء خالد خان اور عبد السلام بھی موجود تھے ۔وفد نے وزیر نجکاری دانیال عزیز کی جانب سے پی آئی اے کو عام انتخابات سے قبل فروخت کر نے کے اعلان کے حوالے سے ادارے کے محنت کشوں ،مزدوروں اور دیگر ملازمین کے اندر پائی جانے والی بے چینی اور تشویش سے آگاہ کیا۔حافظ نعیم الرحمن نے پیاسی یونین کے وفد کو جماعت اسلامی کی جانب سے نج کاری اور دیگر مسائل کے خلاف جدو جہد میں مکمل تعاون اور حمایت کی یقین دہانی کرائی۔