افغان طالبان کی اپنے 5سینئر مذاکرات کاروں کے امن عمل سے متعلق دورہ پاکستان کی تصدیق
اسلام آباد (این این آئی) افغان طالبان نے تصدیق کی ہے کہ قطر میں سیاسی دفتر کے پانچ سینئر مذاکرات کاروں نے امن عمل کے سلسلے میں پاکستان کا دورہ کیا ہے ۔ قطر دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا کہ پاکستانی حکومت کی جانب سے افغانستان کے مسئلے کے سیاسی حل میں مدد اور تبادلہ خیال کیلئے طالبان کے سیاسی دفتر کو دعوت دی گئی تھی اور اس سلسلے میں پانچ رکنی وفد نے پاکستان کا دورہ کیا ۔وفد میں شہاب الدین دلاور ٗ سید رسول حلیم ٗ محمد سہیل شاہین ٗ جان محمد مدنی اور قاری دین محمد حنیف شامل تھے ۔وفد کی قیادت جان محمد مدنی نے کی۔ وفد نے پاکستانی حکومتی نمائندوں کو افغانستان کے مسئلے کے سیاسی حل سے متعلق طالبان کے موقف سے آگاہ کیا اور ان کا موقف بھی سنا ۔اس کے بعد وفد نے پاکستان ٗ چین ٗ قطر اور دوسرے ممالک کے ساتھ ہونے والی ملاقاتوں میں ہونے والی گفتگو سے افغانستان میں موجود طالبان رہنمائوں کو آگاہ کیا ۔اب سیاسی دفتر رہنمائوں کی ہدایت کا انتظام کررہا ہے تاکہ مستقبل میں مزید اقدامات اٹھائے جاسکیں۔ طالبان افغانستان کے مسئلے کا حقیقی اور پائیدار حل چاہتے ہیں تاہم جنگ کے تمام اسباب ختم ہو نے چاہئیں تاکہ افغان عوام امن اور سلامتی میں زندگی گزار سکیں ۔بیان میں کہا گیا کہ طالبان کو یقین ہے کہ صرف نعروںاور ذاتی خواہشات مسئلہ افغانستان کا حل نہیں ہے اب تمام فریقین کی ذمہ داری ہے کہ وہ مسئلے کے پائیدار اور بنیادی حل پر توجہ دے ۔