سرکاری حج پالیسی میں 70 فیصد کوٹہ کیخلاف درخواست، وفاقی حکومت، وزارت سے جواب طلب
لاہور(وقائع نگار خصوصی)لاہور ہائیکورٹ نے قرعہ اندازی کے ذریعے سرکاری حج پالیسی میں 70 فیصد کوٹہ مختص کرنے کے خلاف دائر درخواست پر وفاقی حکومت اور وزارت مذہبی امور سے جواب طلب کرلیا۔ درخواست گزاروں کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ نئی حج پالیسی کے تحت پرائیویٹ ٹور آپریٹرز کا کم کوٹہ مختص کرنے کے خلاف کیس ہائیکورٹ میں زیر سماعت ہے۔ مقدمہ عدالت میں زیر سماعت ہونے کے باوجود سرکاری حج کوٹہ کے تحت قرعہ اندازی کے لئے درخواستیں موصول کی جارہی ہیں۔ ستر فیصد سے زائدسرکاری کوٹہ مختص کرنے کیلئے بیلٹنگ کا عمل مکمل ہوا تو دیگر درخواست گزاروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ موجودہ حکومت کی پالیسیوں سے آنے والی حکومت کو حج کرانے میں مشکلات ہونگی۔چھبیس جنوری کو حج پالیسی 2018 کے تحت سرکاری کوٹہ پچاس فیصد سے زیادہ کرنے کیلئے بیلٹنگ روکی جائے۔