قصور واقعہ کے ملزم کو عبرتناک سزا‘ سسٹم کو ٹھیک کیا جائے: قمر کائرہ
لاہور ( این این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ نواز شریف اور انکی بیٹی عدلیہ پر دبائو ڈال کر اپنی مرضی کے فیصلے لینا چاہتے ہیں لیکن اگر گالیاں دیں گے تو عدلیہ کو بولنا پڑے گا ،قصور واقعے کے ملزم کو عبرت کا نشان بنایا جائے ، آئندہ ایسے واقعات سے بچنے ،سسٹم کی کوتاہی کو مستقل دورکرنے کیلئے قانون سازی کی بھی ضرورت ہے اور اس کیلئے معاشرے کو اسی طرح دبائو برقرر رکھنا ہو گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ریواز گارڈن میں کالم نگار ادیب دانشور منو بھائی کے انتقال پر انکے اہل خانہ سے اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ قمر زمان کائرہ نے کہا کہ منوبھائی کا خلا کوئی پورا نہیں کر سکتا، ہم ان کے بچوں کی طرح ہیں اورپارٹی بھی ان کے عشق میں گرفتار رہی ۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ قصور پر معاشرے کا ردعمل آیا جو صحت مند بات ہے ‘کیونکہ جب لوگ دبائو ڈالتے ہیں تو ادارے کام کرتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ایسے جرائم پھانسیوں سے ہی کم ہوں گے ۔ ایسے واقعات پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو شاباش کے ساتھ کوتاہیوں کو بھی دیکھنا ہو گا اور تالیاں نہیں بجانی چاہیے اگر اس پر سیاسی جماعتیں میڈیا اور قصور کے لوگ نہ نکلتے توحکومت کی توجہ نہ پڑتی۔انہوں نے کہا کہ زینب کے والد کو بٹھا کر پریس کانفرنس اپنی نمائش کرنا تھی، وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے مائیک بند کیا اس ڈرامے بازی کی کوئی ضرورت نہیں تھی اس سے پہلے 8کیسز پر بھی توجہ دینی چاہئے تھی ۔ایک سوال کے جواب میں قمر زمان کائرہ نے کہا کہ پنجاب سے نکالنے والوں نے نکالا ہے۔