پنجاب کوآپریٹو بنک کرپشن کیس: نیب لاہور نے 2 سینئر افسر گرفتار کر لئے
لاہور (اپنی نامہ نگار سے) قومی احتساب بیورو (نیب) لاہور نے پنجاب کوآپریٹو بینک کرپشن کیس میں فنڈ پلیسمنٹ کمیٹی کے دو سینئر عہدیداران کو گرفتار کرلیا۔ ترجمان نیب لاہور کے مطابق ملزمان پرویز طارق اور بوٹا ساجد نے 2009ء میں غیرقانونی طور پر کروڑوں روپے دیگر بینکوں میں منتقل کیے، ملزم پرویز طارق پی سی بی ایل میں بطور چیف فائنینشل آفیسر تعینات رہاجبکہ ملزم محمد بوٹا ممبر فنڈ پلیسمنٹ کمیٹی میں تعینات رہا جسے واپڈا ٹائون لاہور سے گرفتار کیا گیا۔ ملزمان کی ملی بھگت سے غیر قانونی طور پر 215 ملین روپے کے اے ایس بی اور ٹریسٹ انویسمنٹ بینک میں انویسٹ کئے گئے، ملزم پرویز نے اختیارات سے تجاوز کرتے ہوئے 50ملین اور 25 ملیں مالیت کے چیک کا اجراء کیا، ملزم محمد بوٹا نے بھی غیر قانونی طور پر5 چیکس کا اجراء کیا‘ جنکی مالیت 60ملین،50 ملین،25 ملین اور 20 ملین مالیت کے چیک شامل ہیں ۔ نیب حکام نے ملزمان کو احتساب عدالت کے روبرو پیش کرکے ریمانڈ حاصل کر لیا ۔