جمہوریت کا تسلسل برقرار رکھنے کیلئے جدوجہد جاری رکھنا ہو گی‘ رضا ربانی
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) چیئرمین سینٹ میاں رضا ربانی نے کہا ہے کہ اگرہم نے جمہوریت کو محفوظ بناناہے تو ہمیں جدوجہد جاری رکھنی ہے، جمہوریت کے تسلسل کو برقراررکھنے کے لئے جدوجہدجاری رکھنی ہوگی، نئی نسل کو جب تک ماضی کی قربانیوں کا ادراک نہیں ہوگا وہ آئین، جمہوریت، پارلیمنٹ کی اہمیت کو نہیں سمجھ سکیں گے۔ پاکستان میں آئین اورجمہوریت طشتری میں رکھ کر نہیں ملے ،اس ایوان کیلئے صعوبتوں ،کوڑوں ،قربانیوں ،شہادتوں کی ایک طویل تاریخ ہے ۔ پارلیمان، عوام اور سیاسی اسٹیک ہولڈرز کا عزم پختہ رہے تو جمہوریت کو کوئی ڈی ریل نہیں کرسکتا، انہوں نے یہ بات پارلیمنٹ میں سینئر صحافیوں سے سینٹ کی تاریخ حوالے سے بنائے گئے میوزیم کے دورے کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہی ۔چیئرمین سینٹ نے سینئرصحافیوں کو میوزیم کا دورہ کرایا جس میں 1973کے آئین کی منظور ی کے موقع پر سابق وزیراعظم ذولفقار علی بھٹو سمیت دیگر سیاستی رہنمائوں کے مجسمے بنائے گئے ہیں جبکہ سینٹ کے پہلے اجلاس میں اس وقت کے چیئرمین حبیب اللہ خان کا بھی مجسمہ بنایا گیا ہے ۔اس میوزیم میںمسلم لیگ( ن) کے رہنما اورسینٹ میں قائد ایوان راجہ محمد ظفر الحق اور پیپلزپارٹی کے رہنما قائد حزب اختلا ف اعتزارز احسن کا مجسمہ بھی بنایا گیا ہے ۔ چیئرمین رضاربانی نے صحافیوں کو سینٹ میں بنائے جانے والے میوزیم سے متعلق بریف کیا۔ رضا ربانی نے کہاکہ ایک سے دوسری سول حکومت کو اقتدار کی منتقلی کاعمل تسلسل سے ہوتوجمہوریت مضبوط ہوگی ،جمہوریت مسلسل جدوجہد کانام ہے ،جیسے جیسے جدوجہد آگے بڑھے گی جمہوریت کاعمل مضبوہوگااورسسٹم میں بہتری آئے گی ۔رضاربانی نے کہاکہ ایوان میں موجو د ماضی کے کئی لوگوں نے اپنی غلطیوں کاادراک کرکے تاریخ سے سیکھاہے۔