آل پاکستان انٹر بورڈ سپورٹس گالا آج سپورٹس کمپلیکس میں شروع ہوگا
اسلام آباد (سپورٹس رپورٹر) آل پاکستان انٹر بورڈ سپورٹس گالا آج جمعرات سے پاکستان سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں شروع ہوگا۔ پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل شاہد اسلام نے بتایا کہ سپورٹس گالا کے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ سپورٹس گالا میں ملک بھر سے 26 ایجوکیشن بورڈز کی ٹیموں کے بوائز اور گرلز کھلاڑی حصہ لیں گے، گرلز کھلاڑیوں کے مقابلے 25 سے 28 جنوری تک ہوںگے جبکہ بوائز کھلاڑیوں کے مقابلے 30 جنوری سے 2 فروری تک منعقد ہونگے۔ بوائز اور گرلز کھلاڑی پانچ، پانچ مختلف کھیلوں کے مقابلوں میں حصہ لیں گی۔ بوائز مقابلوں میں اتھلیٹکس، فٹ بال، والی بال، کراٹے اور چک بال جبکہ خواتین مقابلوں میں اتھلیٹکس، رسہ کشی، نیٹ بال، ٹیبل ٹینس اور والی بال شامل ہیں۔ ایونٹ میں شرکت کیلئے گرلز کھلاڑی بدھ کواسلام آباد پہنچ گئیں جبکہ بوائز کھلاڑی 29 جنوری کو اسلام آباد میں پہنچیں گے۔