پاکستان سپر لیگ انتظامیہ کے پانچوں فرنچائزز سے معاملات طے پا گئے
لاہور ( حافظ محمد عمران/ نمائندہ سپورٹس) پاکستان سپر لیگ انتظامیہ کی ایونٹ کی پانچوں ٹیموں کے ساتھ مالی معاملات طے پا گئے. سب سے مہنگی بکنے والی ٹیم کراچی کنگز کے مالکان نے بھی 26 کروڑ کی نصف رقم پاکستان کرکٹ بورڈ کو ادا کر دی. ذرائع کے مطابق کراچی کنگز کی انتظامیہ نے بھی لگ بھگ 13 کروڑ روپے پاکستان سپر لیگ انتظامیہ کو جمع کروا دیے ہیں کراچی کنگز سے پہلے دیگر تمام ٹیموں کے مالکان بھی اپنی اپنی ٹیموں کی طے شدہ رقم پی سی بی کو جمع کروا چکے ہیں. کراچی کنگز کی طرف سے ادائیگی میں تاخیر ہو رہی تھی. مصدقہ ذرائع کے مطابق کراچی کنگز نے بھی کل رقم کا نصف بورڈ کو جمع کروا دیا ہے. بورڈ کے ذمہ دار ذرائع کے مطابق پاکستان سپر لیگ کی پانچوں ٹیموں کے مالکان نے مکمل ادائیگی کر دی ہے. ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر کسی فرنچائز کے مالکان مکمل ادائیگی کرنے میں ناکام بھی رہتے ہیں تو پاکستان کرکٹ بورڈ کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا کیونکہ تمام ٹیموں کے دیگر کئی معاملات میں رقم کی ادائیگی کے مختلف معاملات پر پی سی بی کا مکمل اختیار ہے اور بورڈ کسی بھی ٹیم مالکان کو حتمی ادائیگی سے قبل رہ جانے والی رقم کٹوتی کے بعد ادائیگی کا اختیار رکھتا ہے.پاکستان سپر لیگ میں کراچی کنگز، لاہور قلندرز، اسلام آباد یونائیٹیڈ، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں. ایونٹ 4 فروری سے متحدہ عرب امارات میں شروع ہو رہا ہے. رواں ماہ کے آخر میں نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ہونیوالے گورننگ بورڈ کے اجلاس میں بورڈ آف گورنرز کو پی ایس ایل کے حوالے سے ہونیوالی پیشرفت کے بارے میں بریفنگ دی جائیگی.