عامر سے اختلایات ختم نیوزی لینڈ کو ہرانا چیلنج ہے:اظہر علی
لاہور (نمائندہ سپورٹس + سپورٹس رپورٹر) پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان تین ایک روزہ سیریز کا پہلا میچ آج ویلنگٹن میں کھیلا جائے گا۔میچ پاکستانی وقت کے مطابق صبح تین بجے شروع ہوگا۔ قومی ایک روزہ ٹیم کے کپتان اظہر علی اور فاسٹ باؤلر محمد عامر نے آپسی اختلافات ختم کرتے ہوئے آگے بڑھنے کا فیصلہ کیا ہے۔اظہر علی کا کہنا ہے کہ وہ بحیثیت کپتان ایک ایسا ماحول بنانے کی کوشش کریں گے جس سے عامر کامیاب ہو سکے۔یاد رہے کہ سپاٹ فکسنگ میں سزا یافتہ محمد عامر کی قومی ٹیم کے تربیتی کیمپ میں شمولیت پر اظہر اور محمد حفیظ نے کیمپ کا بائیکاٹ کرتے ہوئے ان کے ساتھ کھیلنے سے انکار کردیا تھا۔عامر کی کیمپ میں شمولیت پر برہم اظہر نے قیادت سے مستعفی ہونے کی بھی پیشکش کی تھی تاہم چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ شہریار خان کی مداخلت سے معاملہ حل ہو گیا تھا۔ نیوزی لینڈ کے خلاف ایک روزہ میچ پہلا موقع ہو گا جب دونوں کھلاڑی پہلی مرتبہ ایک ساتھ کھیلیں گے۔ اظہرعلی نے کہاہے کہ عامر سے بات ہوئی ہے اور ان سے بہترین کارکردگی کی امید رکھے ہوئے ہیں۔گزشتہ روز ٹیم کے ساتھ پریکٹس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم آگے بڑھ چکے اور متحد ہیں، ہماری نظریں آنے والے چیلنج پر مرکوز ہیں۔ میرا موقف جو بھی ہو، میرا کام ٹیم کی قیادت کرنا اور ڈریسنگ روم کا ماحول ٹھیک اور اتحاد کو برقرار رکھنا ہے۔قومی ٹی ٹونٹی قائد شاہد آفریدی نے عامر کو دوسرا موقع دینے کی حمایت کی تھی اور ٹی ٹونٹی سیریز میں انہیں بھرپور موقع فراہم کیا لیکن فاسٹ باؤلر 11 اوورز میں 100 رنز کی پٹائی برداشت کرنے کے بعد صرف ایک وکٹ لے سکے جہاں پاکستان کو ٹی ٹونٹی سریز میں 2-1 سے ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا تھا۔آفریدی کے برعکس اظہر نے عامر کی بھرپور مخالفت کرتے ہوئے کہا تھا کہ جب تک عامر کیمپ میں ہے وہ اس میں شرکت نہیں کریں گے اور تجربہ کار محمد حفیظ بھی ان کے ہم خیال تھے۔اظہر نے کہا کہ میرے خیال میں عامر نے ٹی ٹونٹی میچز میں اچھی باؤلنگ کی، بحیثیت کپتان میری ذمے داری ہے کہ میں ان سے بہترین کام لے سکوں، مجھے امید ہے کہ وہ بہترین باؤلنگ کرتے ہوئے پاکستان کیلئے وکٹیں حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔ ٹی ٹونٹی کے برعکس پاکستان کو ایک روزہ میچوں میں ایک مضبوط باؤلنگ اٹیک دستیاب جس میں محمد عامر کے ساتھ ساتھ وہاب ریاض، محمد عرفان اور راحت علی موجود ہیں۔اظہر نے کہا کہ ہم ایسا کامبی نیشن تیار کرنے کی کوشش کریں گے جو ان کنڈیشنز سے مطابقت رکھتا ہو، ہم ان کنڈیشنز میں باؤلنگ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور تمام کھلاڑی تیار ہیں۔تاہم بیسن ریزورو کی کنڈیشنز میں نیوزی لینڈ کیلئے سب سے بڑا چیلنج سات فٹ قد کے حامل محمد عرفان کا سامنا ہو گا جو قد کے ساتھ ساتھ اچھی رفتار کی وجہ سے دنیا بھر کے بلے بازوں کیلئے مسائل کھڑے کر چکے ہیں۔ اظہر نے امید ظاہر کی کہ عرفان حریف ٹیم کیلئے مشکلات کھڑی کر سکتے ہیں۔نیوزی لینڈ کو ان کے ہوم گرائونڈپر ہرانا چیلنج ہے ۔کیوی بلے باز گرانٹ ایلیٹ نے کہا کہ محمد عرفان کا سامنا کرنا انتہائی دلچسپ اور مختلف تجربہ ہو گا۔انہوں نے کہا کہ عرفان جس اونچائی سے باؤلنگ کریں گے وہ انتہائی مختلف تجربہ ہو گا، ایک دو گیندوں کے بعد ہمیں خود کو اس کا عادی کرنا ہو گا، شائقین کیلئے بھی انہیں باؤلنگ کرتے دیکھنا انتہائی دلچسپ ہوگا۔