بلائنڈ ٹی ٹونٹی ایشیا کپ، بھارت پاکستان کو ہرا کر چیمپئن بن گیا
لاہور (سپورٹس رپورٹر+ نمائندہ سپورٹس) پہلا بلائنڈ ایشیا ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹورنامنٹ بھارت نے جیت لیا۔ پاکستان کی رنر اپ پوزیشن رہی۔ فائنل میچ میں بھارتی بلائنڈ ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں پر 208 رنز بنائے۔ بھارت کی طرف سے دیپک پاٹیل نے 40 اور کیتان پاٹیل نے 34 نمایاں رنز بنائے۔ پاکستان کی طرف سے ہارون خان اور ساجد نواز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ جواب میں پاکستان ٹیم بڑے ہدف کا تعاقب کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 18.2 اوورز میں 163 رنز بنا کر آوٹ ہو گئی۔ پاکستان کی چار وکٹیں 40 کے سکور پر گرنے سے ہدف کا تعاقب مشکل ہو گیا۔ انیس جاوید نے سب سے زیادہ 43 اور عامر اشفاق نے 38 رنز سکور کیے۔ بھارت کی طرف سے دیپک نے دو کھلاڑیوں کو آوٹ کیا اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔