پاکستانی نژاد عثمان خواجہ نے سڈنی تھنڈرزکو آسٹریلوی بگ بیش کا چیمپئن بنادیا
میلبورن (سپورٹس ڈیسک) پاکستانی نڑاد آسٹریلوی بلے باز عثمان خواجہ کی شاندار بلے بازی کی بدولت سڈنی تھنڈرز نے میلبرن سٹارز کو فائنل میں شکست دے کر بگ باش چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔ میلبورن سٹارز نے 176 رنز کا مجموعہ حاصل کیا، پیٹرسن نے صرف 39 گیندوں پر پانچ چھکوں اور چار چوکوں کی مدد 74 رنز بنائے۔سڈنی کے ا وپنرز نے جاک کیلس کے ہمراہ ٹیم کو 86 رنز کا عمدہ آغاز کیا۔ عثمان خواجہ نے 40 گیندوں پر پانچ چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 70 رنز بنائے۔عثمان خواجہ کے آؤٹ ہونے کے بعد سڈنی کی ٹیم کے قدم ڈگمگانے لگے اور اس نے چار اوور میں چار وکٹیں گنوا دی لیکن بین روہرر وکٹ پر ڈٹے رہے اور چھکا لگا کر تین گیند قبل ہی اپنی ٹیم کو میچ میں فتح دلانے کے ساتھ ساتھ چیمپئن کا اعزاز بھی دلا دیا۔سڈنی تھنڈرز کی ٹیم پہلی مرتبہ بگ باش کے فائنل میں پہنچی تھی۔عثمان خواجہ کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا جبکہ کرس لن ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ خواتین کے افتتاحی بگ باش ٹورنامنٹ میں بھی سڈنی تھنڈرز نے چیمپئن بننے کا اعزاز اپنے نام کر لیا۔