اسلحہ کے سوداگر عالمی امن کے حقیقی دشمن ہیں: حامد رضا
لاہور (خصوصی نامہ نگار)سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ عالمی سازش کے تحت عالم اسلام میں انتشار اور فساد پھیلایا جارہا ہے، عالمی امن کیلئے تہذیبوں کے تصادم کو روکنا ہو گا۔ دہشتگردی عالمی مسئلہ اور پوری دنیا کیلئے مشترکہ خطرہ ہے اس لئے دنیا کے تمام ممالک دہشتگردی کے خاتمے کیلئے مشترکہ پالیسیاں بنائیں۔ اسلحہ کے عالمی سوداگر عالمی امن کے حقیقی دشمن ہیں۔ مسلمان دہشتگرد نہیں بلکہ دہشتگردی کا شکار ہیں۔ امریکہ ، بھارت اور اسرائیل کی پالیسیاں امن دشمن ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یو نیورسل جسٹس نیٹ ورک کے زیر اہتمام ملائیشیا میں منعقدہ انٹرنیشنل پیس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ افغانستان اور بھارت کا منفی رویہ جنوبی ایشیا می بد امنی کا سبب ہے۔ اقوام متحدہ جیسا عالمی ادارہ بے انصافی کا گڑھ بن چکا ہے۔ مسئلہ کشمیر و فلسطین حل نہ ہونا اقوام متحدہ کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ امریکہ اپنا اسلحہ بیچنے کیلئے دنیا میں امن قائم نہیں ہونے دیتا۔ داعش عالمی امن کیلئے خطرہ ہے۔ دہشتگردی کے اسباب پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ عالمی امن کیلئے اقوام متحدہ اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔ مسلمان دنیا بھر میں امتیازی رویوں کا شکار ہیں۔