افغانستان :امریکی ڈرون حملوں میں داعش کے 2 کمانڈروں سمیت 16 جنگجو ہلاک
کابل (اے پی پی+نوائے وقت رپورٹ) مشرقی افغانستان میں امریکی ڈرون حملوں میں داعش کے 16 جنگجو ہلاک ہوگئے، قندھار میں بارودی سرنگیں نصب کرنے والے دو دہشتگردوں کو گرفتار کرلیا گیا۔ افغان ذرائع ابلاغ کے مطابق مشرقی صوبہ ننگر ہار میں ڈرون حملے میں شدت پسند تنظیم داعش کے2 کمانڈوز سمیت 16 ارکان ہلاک ہوگئے۔ حکام نے بتایا کہ یہ حملے ضلع آچین کے علاقوں عبدالخیل ، بندر اور ضلع ہسکامینا کے علاقے گرجوری میں کئے گئے جس میں قاری وہاب نامی کمانڈر سمیت 16 افراد ہلاک اور کئی زخمی ہوگئے۔ ان کارروائیوں میں داعش کے اسلحہ اور گولہ بارود کو تباہ کر دیا گیا۔ افغانستان میں گزشتہ چند ماہ سے داعش کی سرگرمیوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ قندھار میں افغان حکام نے دو دہشتگردوں کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ل افغان حکام نے بتایا کہ دونوں افراد کو قندھار میں بارودی سرنگیں نصب کرتے ہوئے گرفتار کیا گیا۔ حکام نے دعویٰ کیا کہ دونوں افراد کا تعلق اس گروپ سے ہے جس نے حال ہی میں قندھار میں متعدد حملے کئے۔