رینجرز کے خصوصی اختیارات کی مدت 14 روز رہ گئی، سندھ حکومت نے نوٹیفکیشن جاری نہ کیا
کراچی (آن لائن)وفاق کے رینجرز کو دیئے گئے خصوصی اختیارات کی مدت ختم ہونے میں دو ہفتے باقی رہ گئے۔ تفصیلات کے مطابق وفاق کی جانب سے رینجرز کو اختیارات تفویض ہو چکے مگر سندھ حکومت نے ابھی تک نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا۔ خدشہ ہے کہ رینجرز اختیارات کا تنازع شدت اختیار کریگا۔ دوسری جانب سندھ حکومت رینجرز کی جانب سے گرفتار ملزموں کی 19سے زائد جوائنٹ انٹروگیشن ٹیمیں تشکیل دینے میں بھی پس و پیش سے کام لے رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق محکمہ داخلہ سندھ نے دو ہفتے قبل سمری وزیر داخلہ سندھ سہیل انور سیال کو ارسال کی تھی جسے وزیراعلیٰ سندھ کو بھیجا جانا تھا۔ سمری کی منظوری ابھی تک معمہ بنی ہوئی ہے۔ ادھر انسداد دہشت گردی کی 10 عدالتوں کی سمری بھی التوا کا شکار ہے۔ سندھ اپیکس کمیٹی کے حالیہ اجلاس میں نئی خصوصی عدالتیں بنانے کا فیصلہ ہوا تھا۔