دہشت گردی میں غیرملکی ہاتھ ملوث ہیں: ڈاکٹر عبدالقدیر
لاہور (آئی این پی) محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں ہونیوالی دہشت گردی میں غیر ملکی ہاتھ ملوث ہیں‘ نیشنل ایکشن پلان پر عملددرآمد میں رکاوٹیں ڈالنے والے ملک کے خیر خواہ نہیں ہو سکتے‘ دہشت گردوں کے خلاف ملک کے کونے کونے میں بلاتفریق کارروائیاں ہونی چاہیے‘ موجودہ حکومت کے دور میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا خاتمہ نظر نہیں آتا۔ اپنے ایک انٹرویو کے دوران ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے کہا کہ دہشت گردی ملک کیلئے کسی کینسر سے کم نہیں۔ کرپشن اور لوٹ مار کے نظام اور لوڈشیڈنگ جیسے مسائل نے ملک کو تباہی کا شکار کر دیا ہے اور آج ملک میں سب سے زیادہ ضرورت کرپشن کرنیوالوں کے احتساب کی ہے۔ دہشت گردی میں غیر ملکی ہاتھ ملوث ہیں جن کو پوری دنیا کے سامنے بے نقاب کرنا حکومت اور متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے۔